‘دیدن’میں ریشم کی بغاوت

15 ستمبر 2018
ڈرامے کو رواں برس اے پلس پر نشر کیا جائے گا—اسکرین شاٹ
ڈرامے کو رواں برس اے پلس پر نشر کیا جائے گا—اسکرین شاٹ

آنے والے پاکستانی ڈرامے ‘دیدن’ کا پہلا ٹیزر جاری کردیا گیا، جس میں مرکزی اداکارہ صنم سعید اور محب مرزا کو سالوں پرانی روایات کو برقرار رکھنے والے قبائلی نظام کے رکھوالوں سے الجھتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔

اس ڈرامے کے ذریعے صنم سعید 2 سال بعد چھوٹی اسکرین پر واپسی کر رہی ہیں، جب کہ ‘دیدن’ محب مرزا اور صنم سعید کا ایک ساتھ دوسرا ڈرامہ ہے۔

اس سے قبل دونوں نے ہم ٹی وی کے معروف ڈرامے ‘فراق’ میں 2014 میں ایک ساتھ کام کیا تھا، جس کے بعد 2016 میں ان کی پہلی فلم ‘بچانا’ بھی آئی تھی۔

اب ایک بار پھر دونوں ‘دیدن’ میں منفرد کردار میں نظر آئیں گے۔

ڈرامے کے جاری کیے گئے پہلے ٹیزر میں ریشم (صنم سعید) کی بغاوت اور ان کی محبت کو دکھایا گیا ہے۔

ٹیزر کو دیکھ کر ڈرامے کی کہانی سمجھنا مشکل ہے، تاہم اندازہ ہوتا ہے کہ وہ اپنے علاقے میں رائج سالوں کی روایات سے بغاوت کرتی ہیں اور ‘محب مرزا’ ان کا ساتھ دیتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: صنم سعید کی ’دیدن‘ کے ساتھ ٹی وی پر واپسی

ٹیزر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ڈرامہ پختون روایات پر مبنی ہے اور اس کی شوٹنگ شمالی علاقہ جات میں کئی گئی ہے۔

ڈرامہ کی کہانی ڈرامہ نویس عطیہ داؤد نے لکھی ہے، جب کہ امین عباس نے اس کی ہدایات دی ہیں۔

اس ڈرامے کی دیگر کاسٹ میں عجب گل، رشید ناز اور حما نواب بھی کام کرتی نظر آئیں گی، جبکہ ڈرامے کی ہدایات امین اقبال دے رہے ہیں۔ اس ڈرامے کو جلد ہی نجی ٹی وی چینل ‘اے پلس’ پر نشر کیا جائے گا۔

صنم سعید نے ڈرامے کا ٹیزر انسٹاگرام پر شیئر کرتے ہوئے اس میں اپنے کردار کو چیلنجنگ قرار دیا، علاوہ ازیں ٹی وی چینل کے آفیشل یوٹیوب اکاؤنٹ پر بھی اس کا ٹیزر جاری کیا گیا۔

اس ڈرامے کے حوالے سے ماضی میں ڈان امیجز سے بات کرتے ہوئے صنم سعید کا کہنا تھا کہ یہ ایک تھرلر ڈرامہ ہے جس کی کہانی دو پیار کرنے والوں کے گرد گھومتی ہے۔

مزید پڑھیں: پاکستانی فلم ’کیک‘ نے ایشن فلم فیسٹیول میں ایوارڈ جیت لیا

صنم سعید ‘دیدن’ اور ‘فراق‘ سے قبل متعدد ڈراموں میں شاندار اداکاری دکھا چکی ہیں، ان کے معروف ڈراموں میں ‘دام’ اور ‘زندگی گلزار ہے’ شامل ہیں۔

رواں برس ان کی فلم ‘کیک’ بھی ریلیز ہوئی تھی، جس میں ان کی اداکاری کو سراہا گیا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں