پرانوتن بہل کی یہ پہلی فلم ہوگی—فوٹو: یوٹیوب/اسکرین شاٹ
پرانوتن بہل کی یہ پہلی فلم ہوگی—فوٹو: یوٹیوب/اسکرین شاٹ

اگرچہ بولی وڈ میں شوبز سے تعلق رکھنے والے خاندان کے افراد کا فلمی انڈسٹری میں قدم رکھنا کوئی نئی بات نہیں، تاہم زیادہ تر اداکاروں اور فلم ڈائریکٹرز کے بچوں کو فلم ساز کرن جوہر متعارف کراتے ہیں۔

تاہم اس حوالے سے دبنگ ہیرو سلمان خان بھی پیچھے نہیں، جو جہاں اپنی فلموں کے ذریعے نئی اداکاراؤں کو متعارف کرانے میں شہرت رکھتے ہیں۔

وہیں ان پر شوبز سے تعلق رکھنے والے خاندان کے بچوں کو انڈسٹری میں متعارف کرانے اور ان پر اقربا پروری کو بڑھانے کا الزام لگایا جاتا ہے۔

جہاں انہوں نے اداکار ادیتیا پنچولی کے بیٹے سورج پنچولی کو متعارف کرایا تھا، وہیں انہوں نے جلد ہی ریلیز ہونے والی اپنی ہوم پروڈکشن کی فلم ‘لو راتری’ کے ذریعے اپنے بہنوئی اور نئی اداکارہ ورینا حسین کو بھی متعارف کرایا ہے۔

اب انہوں نے بولی وڈ کے ایک ولن کی بیٹی کو ہیروئن بنانے کا اعلان کرکے سب کو حیران کردیا۔

جی ہاں، سلمان خان نے اپنے ٹوئٹر پر اعلان کیا کہ 57 سالہ منیش بہل کی بیٹی پرانوتن بہل ان کی آنے والی فلم میں ظہیرو کی ہیروئن ہوگی۔

دبنگ ہیرو نے اپنے مداحوں سے درخواست کی کہ وہ پرانوتن بہل کو خوش آمدید کہیں۔

ساتھ ہی انہوں نے پرانوتن کا تعارف کراتے ہوئے بتایا کہ وہ بولی وڈ کی معروف اداکارہ نوتن کی پوتی اور مونیا کی بیٹی ہیں۔

پرانوتن کے والد منیش بہل فلموں میں زیادہ تر ولن بنتے ہیں—فوٹو: ہندوستان ٹائمز
پرانوتن کے والد منیش بہل فلموں میں زیادہ تر ولن بنتے ہیں—فوٹو: ہندوستان ٹائمز

25 سالہ پرانوتن بہل ماضی میں سلمان خان کے ساتھ چند فلموں میں ساتھ کام کرنے والے اداکار منیش بہل کی بڑی بیٹی ہیں۔

ان کے والد نے 100 کے قریب فلموں اور متعدد ٹی وی ڈراموں میں کام کیا ہے، جن میں سے زیادہ تر فلموں میں انہوں نے منفی کردار ادا کیے ہیں۔

منیش بہل کو بولی وڈ کے نوجوان ولن کے طور پر بھی جانا جاتا ہے۔

یہی نہیں بلکہ پرانوتن بہل کی والدہ بھی اداکارہ ہیں، ان کی والدہ ایکتا سوہنی بھی ڈیڑھ درجن کے قریب فلموں میں جلوے دکھا چکی ہیں، جن میں ‘تہلکا، ساجن اور واہ کیا لائف ہے’ جیسی فلمیں شامل ہیں۔

اداکارہ کی والدہ بھی اداکارہ رہ چکی ہیں—فوٹو: مصالحہ ڈاٹ کام
اداکارہ کی والدہ بھی اداکارہ رہ چکی ہیں—فوٹو: مصالحہ ڈاٹ کام

اس سے زیادہ اہم بات یہ ہے کہ پرانوتن بہل ماضی کی مقبول اداکارہ نوتن کی پوتی ہیں۔

نوتن کا اصل نام نوتن بہل سمرتھ تھا، جنہوں نے 70 سے زائد فلموں میں جلوے دکھائے۔

نوتن بہل کا شمار 1960 سے 1980 کی کامیاب اداکاراؤں میں ہوتا ہے، منیش بہل ان کا اکلوتا بیٹا ہے۔

نوتن کو شاندار اداکاری پر متعدد ایوارڈز سے بھی نوازا گیا تھا، وہ 1990 میں بریسٹ کینسر کے باعث چل بسی تھیں۔

ہندوستان ٹائمز کے مطابق سلمان خان نے نوتن کی پوتی اور منیش بہل کی بیٹٰی پرانوتن بہل کو اپنے ہی بچپن کے دوست اقبال کے بیٹے ظہیراقبال کی آنے والی فلم کے لیے کاسٹ کیا ہے۔

اس فلم کے لیے سلمان خان نے رواں برس مئی میں ہی ٹوئیٹ کے ذریعے اعلان کیا تھا۔

پرانوتن کی دادی بھی اداکارہ تھیں—فوٹو: ٹوئٹر
پرانوتن کی دادی بھی اداکارہ تھیں—فوٹو: ٹوئٹر

سلمان خان نے ٹوئیٹ میں اپنے دوست کے بیٹے کے ساتھ تصویر شیئر کرتے ہوئے ان سے متعلق دلچسپ باتیں بھی لکھی تھیں۔

اطلاعات کے مطابق سلمان خان کی ہوم پروڈکشن میں بننے والی یہ فلم بھی ‘لو راتری’ کی طرح رومانٹک ہوگی۔

اس فلم کی ہدایات نیتن ککڑ دیں گے، جب کہ رواں ماہ یا آئندہ ماہ تک اس فلم کی شوٹنگ شروع کردی جائے گی۔

اگرچہ فلم کی ریلیز کرنے کی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا، تاہم امکان ہے کہ اسے آئندہ برس کے آغاز تک نمائش کے لیے پیش کردیا جائے گا۔

تبصرے (0) بند ہیں