فلم ڈائریکٹر کا فلمی انداز میں اظہار محبت

18 ستمبر 2018
دونوں کے درمیان کئی سال سے تعلقات تھے—فوٹو: ٹوئٹر
دونوں کے درمیان کئی سال سے تعلقات تھے—فوٹو: ٹوئٹر

ویسے تو فلم ڈائریکٹرز اپنی فلموں میں ہیروز کو اپنی محبوباؤں سے منفرد اور رومانوی انداز میں اظہار محبت کرنے کی ترغیبیں دیتے ہیں۔

ڈائریکٹر حتی الامکان یہ کوشش کرتے ہیں کہ وہ فلم میں ہیرو کی جانب سے ہیروئن سے اظہار محبت کے سین کو اس قدر رومانوی انداز میں فلمائیں کہ اسے دیکھنے والے آسانی سے بھلا نہ پائیں۔

تاہم ایسا بہت ہی شاذ و نادر ہوتا ہے کہ فلمی ہیروز یا خود فلمی ڈائریکٹزر حقیقت میں فلمی انداز میں کسی سے اظہار محبت کریں۔

لیکن 17 ستمبر کو امریکی شہر لاس اینجلس میں ہونے والی ٹیلی وژن کی دنیا کے سب سے معتبر ایوارڈ ‘ایمی ایوارڈز’ کی 70 ویں تقریب کے دوران ایسا ہی کچھ عجیب اتفاق ہوا۔

ایمی ایوارڈز تقریب کے دوران 57 سالہ فلم ڈائریکٹر گلین ویز نے فلمی انداز میں اپنی 69 سالہ محبوبہ جین سیونڈسن سے اظہار محبت کیا۔

جی ہاں، برطانوی اخبار ‘دی انڈیپنڈنٹ’ کے مطابق 57 سالہ فلم ڈائریکٹر و پروڈیوسر گلین ویز نے اپنا ایوارڈ وصول کرنے کے بعد اپنی تقریر میں سب سے پہلے اپنی عمر رسیدہ محبوبہ کی تعریف کرتے ہوئے انہیں اپنی اہلیہ قرار دیا۔

گلین ویز کو ‘ایمی ایوارڈز’ میں فلمی دنیا کے سب سے معتبر ایوارڈ ‘آسکر’ ایوارڈز کی تقریب میں خدمات سر انجام دینے پر انہیں ‘ورائٹی اسپیشل ایوارڈ’ دیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: ‘گیم آف تھرونز’ بہترین سیریز کا ‘ایمی ایوارڈ’ جیتنے میں کامیاب

جب انہیں ایوارڈ دے دیا گیا تو انہوں نے اپنی تقریر میں اپنی خاتون دوست سابق ایتھلیٹ جین سیونڈسن کا تذکرہ کرتے ہوئے ان سے محبت کے حوالے سے باتیں کرنا شروع کردیں۔

ساتھ ہی فلم ساز نے تقریر میں بتایا کہ وہ خاتون کو گرل فرینڈ اس لیے بلاتے ہیں، کیوں کہ وہ انہیں اپنی اہلیہ سمجھتے ہیں۔

یہ بات سنتے ہی ایوارڈ تقریب میں بیٹھے تمام افراد حیران رہ گئے، ساتھ ہی بعد ازاں سوشل میڈیا پر بھی کئی افراد نے اس منظر پر تعجب کا اظہار کیا۔

فلم ساز نے خاتون دوست کو اسٹیج پر بلانے کے بعد فلمی انداز میں ان سے محبت کا اظہار کرتے ہوئے انہیں شادی کی پیش کش کی، جسے سنتے ہی خاتون شرما گئیں اور فلم ساز سے گلے ملیں۔

57 سالہ ڈائریکٹر نے اپنی جیب سے انگوٹھی نکالتے ہوئے گرل فرینڈ کو بتایا کہ یہ وہ انگوٹھی ہے، جسے 76 برس قبل ان کی والدہ نے انگلی میں پہنا تھا۔

فلم ڈائریکٹر کی حقیقت میں فلمی انداز کے اظہار محبت پر جہاں ٹوئٹر اور انسٹاگرام پر تعجب کا اظہار کیا گیا، وہیں امریکی و برطانوی میڈیا میں بھی ان کے اظہار محبت کے چرچے رہے۔

دونوں کے درمیان گزشتہ چند سالوں سے تعلقات تھے، انہیں متعدد بار ایک ساتھ بھی دیکھا جا چکا تھا۔

دونوں ہی ایک دوسرے کے تعلقات پر کھلے دل سے بات کرتے نظر آتے تھے، تاہم پہلی بار انہوں نے عوام کے سامنے ایک دوسرے سے محبت کا اظہار کیا۔

خیال رہے کہ 70 ایمی ایوارڈ تقریب میں ‘گیم آف تھرونز’ نے بہترین ڈرامہ سیریز سمیت مجموعی طور پر 2 ایوارڈ اپنے نام کیے۔

ایوارڈ تقریب میں سب سے زیادہ ایوارڈ ‘دی مارولز مسز میسل’ کے حصے میں آئے، اس کامیڈی سیریز نے مجموعی طور پر 5 ایوارڈ اپنے نام کیے۔

‘دی مارولز مسز میسل’ نے ‘بہترین کامیڈی سیریز، ایکٹریس کامیڈی سیریز، سپورٹنگ ایکٹریس کامیڈی سیریز اور رائیٹنگ کامیڈی سیریز’ کے ایوارڈ اپنے نام کیے۔

اس تقریب میں مجموعی طور پر 26 کیٹیگریز میں ایوارڈز دیے گئے۔

محبت کے اظہار پر سابق ایتھلیٹ انتہائی جذباتی دکھائی دیں—فوٹو: ٹوئٹر
محبت کے اظہار پر سابق ایتھلیٹ انتہائی جذباتی دکھائی دیں—فوٹو: ٹوئٹر

یہ ایوارڈ ‘اکیڈمی آف ٹیلی وژن آرٹس اینڈ سائنس’ (اے ٹی اے ایس) کی جانب سے دیا جاتا ہے، ‘ایمی ایوارڈز’ ٹی وی کے تمام پروگراموں کے لیے دیا جاتا ہے، اس لیے اس کی مختلف تقریبات منعقد ہوتی ہیں۔

تاہم اس ایوارڈ کی سب سے اہم اور بڑی تقریب ہر سال کے آخر میں منعقد ہوتی ہے، جس میں پرائم ٹائم میں ٹی وی پر نشر ہونے والے ڈراموں اور پروگرامات کو ایوارڈ سے نوازا جاتا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں