لندن: انگلینڈ نے آئندہ ماہ شیڈول دورہ سری لنکا کے خلاف ون ڈے سیریز کے لیے 16 رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا ہے اور نائٹ کلب کے جھگڑے میں ملوث بین اسٹوکس اور ایلکس ہیلز بھی ٹیم میں جگہ بنانے میں کامیاب رہے۔

گزشتہ برس برسٹل کے نائٹ کلب کے باہر دونوں کھلاڑیوں کا جھگڑا ہوا تھا اور انگلش کرکٹ بورڈ نے دونوں کھلاڑیوں پر کھیل کو تنازع کا شکار بنانے کا چارج عائد کیا تھا تاہم اس کے باوجود دونوں کو اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے۔

وارکشائر کے فاسٹ باؤلر اولی اسٹون پہلی مرتبہ ٹیم میں جگہ بنانے میں کامیاب رہے جو 90 سے 95 یل فی گھنٹہ کی رفتار سے گیند کے لیے شہرت رکھتے ہیں۔

انگلش اسکواڈ میں ایک اور دلچسپ سلیکشن کرن برادرز کی ہے اور اگر دونوں بھائی ایک ساتھ میچ کھیلتے ہیں تو یہ 19 برسوں بعد پہلا موقع ہو گا کہ انگلینڈ کی طرف سے دو بھائیوں کو ایک ساتھ میچ کھیلنے کا موقع مل گا۔

آخری بار 1999 میں ایڈم اور بین ہولیوک نے یہ اعزاز حاصل کیا تھا۔

سری لنکن ٹیم دورہ سری لنکا کے دوران میزبان ٹیم کے خلاف پانچ ون ڈے، واحد ٹی20 اور تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلے گی، ٹی20 اور ٹیسٹ سکواڈز کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

اعلان کردہ ون ڈے اسکواڈ کپتان آئن مورگن، معین علی، جونی بیئراسٹو، جوز بٹلر، سیم کرن، ٹام کرن، لیام ڈاسن، ایلکس ہیلز، لیام پلنکٹ، عادل رشید، جو روٹ، جیسن روئے، بین اسٹوکس، اولی اسٹون، کرس ووکس اور مارک ووڈ پر مشتمل ہے۔

فاسٹ باؤلر لیام پلنکٹ شادی کی وجہ سے ابتدائی تین میچز میں ٹیم کو دستیاب نہیں ہوں گے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں