محبت، شادی، خوشیوں اور مسائل کی کہانی ‘عشق نہ کریو کوئی’

22 ستمبر 2018
ڈرامے کو نشر کیے جانے کی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا—اسکرین شاٹ
ڈرامے کو نشر کیے جانے کی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا—اسکرین شاٹ

تقریبا تمام رومانوی کہانیوں میں یہ دکھایا جاتا ہے کہ پہلے محبت ہوتی ہے، جس کے بعد رومانوی جوڑے میں شادی ہوجاتی ہے۔

ایسی رومانوی کہانیوں میں محبت کی شادی کرنے والے جوڑے کی زندگی میں آخر میں خوشیاں ہی خوشیاں دکھائی جاتی ہیں۔

تاہم جلد ہی ‘عشق نہ کریو کوئی’ نامی ڈرامہ نشر ہونے والا ہے جس میں محبت کی شادی کے بعد زندگی میں خوشیاں نہیں بلکہ کئی چیلنجز دکھائے جائیں گے۔

جی ہاں، حاجرہ یامین اور نور حسن کے آنے والے ڈرامے ‘عشق نہ کریو کوئی’ میں محبت اور شادی کے بعد خوشیاں آنے والے دعوے کو الٹا دکھایا جائے گا۔

ڈان امیجز سے ڈرامے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے اداکار نو حسن نے بتایا کہ زیادہ تر رومانوی کہانیاں ایسی ہیں جن میں محبت کو شادی میں بدلتے ہوئے دکھایا جاتا ہے۔

اداکار کے مطابق تاہم اس ڈرامے میں محبت کی شادی اور پھر اس کے بعد جوڑے کی زندگی میں پیدا ہونے والے مسائل کو دکھایا جائے گا۔

نور حسن کے مطابق وہ ڈرامے میں ایک ایسے شخص کا کردار ادا کریں گے، جو شادی کے بعد اہلیہ سے محبت کرنے کے باوجود کئی مسائل کا سامنا کرتا ہے اور اسی منفرد کہانی کی وجہ سے ہی انہوں نے اس ڈرامے میں کام کرنے کو ترجیح دی۔

انہوں نے بتایا کہ ڈرامے میں رواجی رومانوی کہانیوں، محبت اور شادی ہوجانے کے بعد بھی جوڑوں کی زندگی میں آنے والے مسائل دکھائے جائیں گے۔

حاجرہ یامین نے اپنے کردار کے حوالے سے بتایا کہ وہ ڈرامے میں مریم نامی نوجوان لڑکی کا کردار ادا کرتی دکھائی دیں گی، جو شادی کرنے کے بعد بھی خود کو نئے خاندان کا فرد سمجھنے کے لیے تیار نہیں ہوتیں۔

اداکارہ نے بتایا کہ اگرچہ مریم کی زندگی میں کئی واقعات اور مسائل پیدا ہوتے ہیں، تاہم پھر بھی اسے کسی چیز کا احساس نہیں ہوتا اور بدقسمتی سے وہ عورت کی ایسی ذہنیت کی عکاسی کرتی ہیں جن کی وجہ سے سماج میں مسائل ہوتے ہیں۔

حاجرہ یامین نے دعویٰ کیا کہ ڈرامے میں سماج اور شادی شدہ جوڑے کے مسائل کو درست انداز میں اٹھایا گیا ہے۔

ڈائریکٹر عبداللہ بدینی کے اس ڈرامے میں حاجرہ یامین اور نور حسن کے علاوہ دیگر نامور اداکار بھی شامل ہیں۔

ڈرامے کی شوٹنگ جاری ہے، تاہم تاحال اسے ریلیز کرنے کی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں