بھارت سے ‘ولیج راک اسٹارس’ فلم آسکر کے لیے منتخب

23 ستمبر 2018
فلم نے ریلیز سے پہلے ہی کئی ایوارڈ جیتے ہیں—اسکرین شاٹ
فلم نے ریلیز سے پہلے ہی کئی ایوارڈ جیتے ہیں—اسکرین شاٹ

آئندہ برس 24 فروری کو ہونے والے فلمی دنیا کے سب سے متعبر فلمی میلے ‘آسکر’ کے لیے دنیا بھر کے ممالک کی جانب سے فلموں کو منتخب کیے جانے کا سلسلہ جاری ہے۔

آسکر میں ‘غیر ملکی زبان’ کی کیٹیگری کے لیے جہاں پاکستان نے اپنی فلم ‘کیک’ کو منتخب کیا، اب وہیں بھارت نے بھی اپنی فلم ‘ولیج راک اسٹارس’ کو منتخب کرلیا۔

انڈین ایکسپریس کے مطابق بھارت سے آسکر کے لیے فلمیں منتخب کرنے والی کمیٹی نے حیران کن طور پر بڑی بجٹ اور معروف فلموں کے مقابلے ایک کم بجٹ کی فلم کو آسکر کے لیے منتخب کیا۔

رپورٹ کے مطابق ‘ولیج راک اسٹار’ سمیت کمیٹی میں ‘پدماوت’ راضی، ہچکی، منٹو، اکتوبر اور لو سونیا’ سمیت مجموعی طور پر 29 فلمیں جمع کرائی گئی تھیں۔

کمیٹی نے دیگر تمام فلموں کو مسترد کرتے ہوئے ریاست آسام کی خاتون فلم ساز ریما داس کی آسامی زبان میں بنائی گئی فلم کو آسکر کے لیے منتخب کیا۔

یہ بھی پڑھیں: ‘کیک’ آسکر ایوارڈ کے لیے منتخب

ریما داس نے فلم کو آسکر کے لیے منتخب کیے جانے پر خوشی کا اظہار کیا اور امید ظاہر کی کہ ان کی فلم ایوارڈ کے لیے نامزدگی حاصل کرنے میں کامیاب جائے گی۔

ریما داس کی یہ فلم گزشتہ برس ٹورنٹو انٹرنیشنل فلم فیسٹیول میں بھی پیش کی گئی تھی، علاوہ ازیں اس فلم کو دیگر فلمی میلوں میں بھی پیش کیا جا چکا ہے۔

فلم نے رواں برس ہونے والے 65 ویں نیشنل فلم ایوارڈ میں بہترین فیچر فلم اور بہترین چائلڈ آرٹسٹ سمیت 4 کیٹیگریز میں ایوارڈ اپنے نام کیے۔

نیشنل ایوارڈ کو بھارت کا سب سے بڑا فلمی ایوارڈ مانا جاتا ہے، جو حکومت کے تعاون سے دیا جاتا ہے۔

فلم کی کہانی ریاست آسام کے ایک گاؤں کی عام بچی کے گرد گھومتی ہے، جو گلوکارہ بننا چاہتی ہیں، علاوہ ازیں فلم میں اسی گاؤں کے بچوں کو بھی دکھایا گیا ہے، جو گلوکاری کے شعبے میں اپنا نام بنانے کے خواہش مند ہوتے ہیں۔

‘ولیج راک اسٹار’س کا مقابلہ پاکستانی فلم ‘کیک’ سمیت دنیا کی 91 فلموں سے ہوگا۔

آسکر اکیڈمی ‘غیر ملکی زبان’ کی کیٹیگری کی فلموں کو شارٹ لسٹ کرنے کا اعلان آئندہ برس جنوری میں کرے گی۔

آسکر ایوارڈ کی تقریب آئندہ برس 24 فروری کو امریکا میں منعقد ہوگی، اس بار ایوارڈ تقریب گزشتہ برس سے 2 ہفتے قبل منعقد کی جائے گی۔

تبصرے (0) بند ہیں