ایشیا کپ کے سپرفور مرحلے کے اہم میچ میں افغانستان اور بنگلہ دیش کے درمیان دلچسپ مقابلہ ہوا جو آخری اوور میں مستفیض الرحمٰن کی تجربہ کاری کے باعث بنگلہ دیش نے جیت لیا۔

ابوظہبی میں کھیلے گئے سپر فور کے میچ میں بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور پہلی وکٹ میں 16 رنز بنائے۔

بنگلہ دیش کے ناظم الحسین شانتو 6 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جس کے فوری بعد محمد متھن بھی آفتاب عالم کی گیند پر آؤٹ ہو گئے تاہم لٹن داس نے 41 رنز بنا کر ٹیم کے اسکور کو آگے بڑھایا۔

لٹن داس اور مشفق الرحیم نے شراکت میں اسکور کو 81 تک پہنچایا تاہم 41 رنز بنانے والے لٹن داس کو راشد خان نے احسان اللہ کے ہاتھوں کیچ کرادیا۔

تجربہ کار آل راؤنڈر شکیب الحسن بھی ناکام ہوئے اور صفر پو رن آؤٹ ہوئے تاہم امرالقیس اور محموداللہ نے کریز کو ذمہ داری سے سنبھالا اور بنگلہ دیش کے لیے ایک اچھی شراکت قائم کی۔

محمود اللہ بنگلہ دیش کے اس میچ میں کامیاب ترین بلے باز تھے جنہوں نے نہ صرف 74 رنز کی اننگز کھیلی بلکہ ٹیم کے اسکور کو بھی 215 تک پہنچانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔

بنگلہ دیش کا اسکور 136 رنز تھا تو 10 رنز بنانے والے کپتان مشرفی مرتضیٰ وکٹ آفتاب عالم نے حاصل کی۔

افغان باؤلرز کی اچھی کارکردگی کے نتیجے میں بنگلہ دیش نے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں پر 249 رنز بنائے۔

امرالقیس 72 اور مہدی حسن میراز نے آؤٹ ہوئے بغیر 5 رنز بنائے۔

افغانستان کے آفتاب عالم نے 3، مجیب الرحمٰن اور راشد خان نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

ہدف کے تعاقب میں افغانستان نے بیٹنگ شروع کی تو پہلی وکٹ 20 رنز پر گری جب احسان اللہ 8 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے اور ایک رن کا اضافہ کرکے رحمت اللہ شاہ بھی رن آؤٹ ہوئے۔

تجربہ کار بلے باز محمد شہزاد نے حشمت اللہ شاہدی کے ساتھ شراکت میں ٹیم کا اسکور 89 تک پہنچایا اور اپنی نصف سنچری مکمل کرنے کے بعد 53 رنز کی انفرادی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے۔

حشمت اللہ شاہدی کا ساتھ دینے کے لیے کپتان اصغر افغان میدان میں اترے اور گزشتہ میچ کی طرح دونوں بلے بازوں کی اچھی شراکت کرتے ہوئے 78 رنز کا اضافہ کیا تاہم اصغر افغان 39 رنز بنا کر 167 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہوئے۔

افغانستان کے پانچویں آؤٹ ہونے والے بلے باز حشمت اللہ شاہدی تھے جنہوں نے 71 رنز بنائے، جب وہ آؤٹ ہوئے تو افغان ٹیم کا اسکور 192 رنز تھا۔

محمد نبی نے اچھی بلے بازی کا مظاہرہ کرے ٹیم کی جیت کی امیدوں کو روشن رکھا اور سمیع اللہ شنواری کے ساتھ 238 رنز تک پہنچایا لیکن شکیب الحسن نے ان کی وکٹ حاصل کی، نبی نے 38 رنز بنائے تھے جس کے بعد راشد خان 5 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

افغانستان کی ناتجربہ کار ٹیم کو آخری اوورز میں جیت کے لیے صرف 8 رنز درکار تھے اور ان کی 4 وکٹیں باقی تھیں لیکن مستفیض الرحمٰن نے اچھی باؤلنگ کا مظاہرہ کیا اور پورے اوور صرف 4 رنز دے کر ایک وکٹ بھی حاصل کی جبکہ ٹیم کو 3 رنز سے فتح سے ہم کنار کیا۔

افغانستان کے سمیع اللہ شنواری 23 اور گلبدین نائب صفر ناٹ آؤٹ رہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں