بھارتی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ روی شاستری نے کپتان ویرات کوہلی کو ایونٹ میں آرام دینے کی وجہ بتادی۔

بھارتی ذرائع ابلاغ کےمطابق گلف نیوز کو دیے گئے اپنے ایک انٹرویو بھارتی ٹیم کے ہیڈ کوچ کا کہنا تھا کہ ’ویرات کوہلی ایک مضبوط کھلاڑی ہیں، انہیں میدان سے ہرگز دور نہیں رکھا جاسکتا، لیکن پھر بھی انہیں آرام کی ضرورت تھی‘۔

اپنی بات کی وضاحت دیتے ہوئے روی شاستری کا کہنا تھا کہ ویرات کوہلی کو آرام دینے کی وجہ انہیں ذہنی سکون فراہم کرنا تھا، وہ کرکٹ سے تھوڑا دور ہو کر ذہنی سکون حاصل کریں اور آئندہ سیزن کے لیے تازہ دم رہیں۔

بھارتی کوچ نے بتایا کہ مستقبل میں مزید کھلاڑیوں کو اسی طرح آرام دینے کا ارادہ ہے، جیسا کہ سب جانتے ہیں کہ جسپریت بمرا اور بھوونیشور کمار ٹیم کے لیے کتنے اہم کھلاڑی ہیں، تاہم ہمیں ان جیسے کھلاڑیوں کو تازہ دم اور توانا رکھنا ہے۔

مزید پڑھیں: بنگلہ دیش ناکام، بھارت 7ویں مرتبہ ایشین چیمپیئن بن گیا

خیال رہے کہ گزشتہ ماہ متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں ہونے والے ایشیا کپ میں ویرات کوہلی کو ڈارپ کردیا گیا تھا جبکہ قیادت کی ذمہ داری روہت شرما کو سونپ دی گئی تھی۔

روہت شرما کی قیادت میں بھارتی ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور ایونٹ میں ناقابلِ شکست رہتے ہوئے ٹائٹل اپنے نام کیا۔

ویرات کوہلی کو دوبارہ ٹیم میں شامل کر لیا گیا ہے اور وہ ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں ٹیم کی قیادت کریں گے۔

تبصرے (0) بند ہیں