ہریتھک کا خواتین کو ہراساں کرنے والے ہدایت کار کی فلم چھوڑنے کا عندیہ

09 اکتوبر 2018
ہریتھک روشن اور وکاس بہل کے ایک ساتھ پہلی فلم ہے—فائل فوٹو: اے بی سی نیوز 18
ہریتھک روشن اور وکاس بہل کے ایک ساتھ پہلی فلم ہے—فائل فوٹو: اے بی سی نیوز 18

بولی وڈ ہدایت کار اور فلم پروڈیوسر وکاس بہل پر گزشتہ چند دن میں اداکارہ کنگنا رناوٹ اور ان کی اپنی ہی سابق فلم پروڈکشن کمپنی ‘فینٹم’ کی خواتین ملازموں سمیت ایک نامعلوم اداکارہ نے جنسی طور پر ہراساں کرنے کے الزامات عائد کیے ہیں۔

47 سالہ وکاس بہل پر یہ الزامات 6 اکتوبر کے بعد اس وقت سامنے آئے جب کہ ساتھی پارٹنرز فلم پروڈیوسرز و ڈائریکٹرز انوراگ کشیپ، وکرم دتیا موٹوانی، اور مدھو منٹینا نے فلم کمپنی ‘فینٹم’ کو تحلیل کرنے کا اعلان کیا۔

یہ کمپنی وکاس بہل نے ان تینوں فلم سازوں کے ساتھ 2013 میں بنائی تھی، جس کے تحت اب تک 26 سے زائد فلمیں ریلیز ہوچکی ہیں، جب کہ اسی فلم کمپنی کے بینر تلے آخری فلم ‘سپر تھرٹی’ آئندہ برس ریلیز کی جائے گی۔

لیکن اسی فلم میں کام کرنے والے اداکار ہریتھک روشن نے وکاس بہل پر کنگنا رناوٹ سمیت دیگر خواتین کی جانب سے جنسی طور پر ہراساں کیے جانے کے الزامات سامنے آنے کے بعد اداکار نے اس فلم کو چھوڑنے کا عندیہ دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کنگنا رناوٹ کا وکاس بہل پر جنسی طور پر ہراساں کرنے کا الزام

وکاس بہل کے خلاف الزامات سامنے آنے کے بعد ہریتھک روشن نے اپنی ایک ٹوئیٹ میں بتایا کہ ایسے افراد کے ساتھ کام کرنا ان کے لیے مشکل ہے، جن پر الزام ہو کہ انہوں نے کسی کے ساتھ نامناسب رویہ اختیار کیا۔

ہریتھک روشن نے اپنی مختصر ٹوئیٹ میں اگرچہ وکاس بہل کو قصور وار نہیں ٹھہرایا، تاہم انہوں نے کہا کہ وہ اپنی فلم ‘سپر تھرٹی’ کے پروڈیوسرز یعنی ‘فینٹم’ فلم کمپنی کے تمام مالکان کو کہ چکے ہیں کہ وہ ہدایت کار پر لگائے گئے الزامات سے متعلق حقائق سامنے لائیں۔

اگرچہ ہریتھک روشن نے واضح طور پر نہیں کہا کہ وہ ‘سپر تھرٹی’ کو چھوڑ رہے ہیں، تاہم انہوں نے کہا کہ وہ ایسے شخص کے ساتھ کام نہیں کر سکتے، جنہوں نے کسی کے ساتھ نامناسب رویہ اختیار کیا ہو۔

ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ ہر اس مجرم کو سزا ملنی چاہیے جو کسی کے ساتھ ذیادتی اور نامناسب رویہ اختیار کرتا ہے اور ہر اس شخص کو طاقتور بنایا جائے جو کسی کے ظلم کا شکار ہوا ہو۔

خیال رہے کہ ہریتھک روشن کی فلم ‘سپر تھرٹی’ آئندہ برس ریلیز کی جائے گی، اس کی ہدایات وکاس بہل دے رہے ہیں، جب کہ اسے ‘فینٹم’ فلم پروڈیوس کر رہی ہے، جسے اب تحلیل کردیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں: وکاس بہل کو ساتھی ہدایت کاروں نے جنسی مجرم قرار دے دیا

اس فلم کی شوٹنگ کافی وقت سے جاری ہے اور اطلاعات ہیں کہ اس کی زیادہ تر شوٹنگ مکمل کرلی گئی ہے، ایسے میں ہریتھک روشن کی جانب سے اس فلم کو چھوڑے جانے کا عندیہ دینے سے اس فلم کے مستقبل پر کئی سوالات اٹھے ہیں۔

ابھی یہ کہنا قبل از وقت ہے کہ ہریتھک روشن فلم کو چھوڑ دیں گے اور اس حوالے سے بھی کوئی اطلاعات نہیں ہیں کہ وکاس بہل کو اس فلم سے الگ کیا جائے گا۔

تاہم خیال کیا جا رہا ہے کہ اب یہ فلم تاخیر کا شکار ہوسکتی ہے۔

سپر تھرٹی میں ہریتھک روشن ریاضی کے استاد کا کردار نبھائیں گے—پرومو فوٹو
سپر تھرٹی میں ہریتھک روشن ریاضی کے استاد کا کردار نبھائیں گے—پرومو فوٹو

تبصرے (0) بند ہیں