بھارتی پولیس نے ’منہ کے فائر‘ کرنے کے عوامی محاورے کو عملی شکل ہی دے ڈالی، یہ مضحکہ خیز صورتحال ایک پولیس چھاپے کے دوران سامنے آئی۔

ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق بھارتی صوبے اتر پردیش(یو پی) کے شہر سانبھل میں مجرموں کے خلاف کی جانے والی چھاپہ مار کارروائی کے دوران ایک پولیس اہلکار کی گولی ریوالور میں ہی پھنس گئی۔

جس پر دوسرے پولیس اہلکار نے اپنےساتھی اہلکار کا ساتھ دیتے ہوئے چیخ کر ’مارو، مارو‘ ’گھیرو، گھیرو‘ کے الفاظ بول کر نہ صرف ملزمان کو خوف زدہ کرنے کی کوشش کی بلکہ اس کے ساتھ ’ٹھائیں ٹھائیں‘ کہتے ہوئے منہ سے گولی بھی چلادی۔

یہ بھی پڑھیں: بھارت: سیکیورٹی گارڈ کی فائرنگ سے جج کی اہلیہ اور بیٹا زخمی

مذکورہ واقعے پر ردعمل دیتے ہوئے سانبھل کے ایڈیشنل سپریٹنڈنٹ پولیس پنکھج کمار پانڈے کا کہنا تھا کہ چھاپوں کے دوران ملزمان کو خوفزدہ کرنے کے لیے چیخ کر مارو، گھیرو، نکلو جیسے الفاظ کا استعمال کیا جاتا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پستول میں گولی پھنس جانا ایک تکنیکی معاملہ تھا، ایسا عموماً ہوجاتا ہے کہ اسلحے میں گولی پھنس جائے اور اسے دور کرنا ہمیں تربیتی عمل کے دوران بھی سکھایا جاتا ہے۔

بعد ازاں مذکورہ کارروائی میں پولیس نے ایک ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں ایک پولیس اہلکار بھی زخمی ہوا۔

تبصرے (0) بند ہیں