وزیراعظم عمران خان کے قریبی ساتھی کا معاونِ خصوصی بننے سے انکار

اپ ڈیٹ 18 اکتوبر 2018
—فوٹو بشکریہ صاحبزادہ جہانگیر ٹوئٹر
—فوٹو بشکریہ صاحبزادہ جہانگیر ٹوئٹر

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کے قریبی ساتھی صاحبزادہ عامر جہانگیر نے معاون خصوصی برائے سرمایہ کاری کے عہدے پر نامزد ہونے کے بعد عہدہ سنبھالنے سے انکار کردیا۔

کابینہ ڈویژن کی جانب سے چند روز قبل جاری کیے گئے نوٹی فکیشن کے مطابق وزیر اعظم نے انہیں بیرونی سرمایہ کاری پر معاونِ خصوصی نامزد کیا تھا۔

صاحبزادہ عامر جہانگیر اس سے قبل پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین کے مشیر برائے غیر ملکی تجارت، سرمایہ کاری اور ترقی کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دے چکے ہیں جبکہ وہ برطانیہ اور یورپ میں پی ٹی آئی کے سربراہ ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: امیر محمد خان جوگیزئی کی بحیثیت گورنر بلوچستان نامزدگی کی رپورٹس مسترد

تاہم اپوزیشن کی جانب سے شدید تنقید کا نشانہ بنائے جانے پر گزشتہ روز انہوں نے مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے عہدہ لینے سے انکار کردیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ غیر ملکی سرمایہ کاروں کو دعوت دینے کے لیے کام کر کے میں کسی تنازع میں پھنس کر وزیر اعظم کے لیے مشکل کا سبب نہیں بننا چاہتا۔

اس وجہ سے میں نے فیصلہ کیا ہے کہ میں رضاکارانہ طور پر اس عہدے سے دستبردار ہوتا ہوں تاہم میں ذاتی طور پر پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری لانے کے لیے کام کرتا رہوں گا۔

ان کا کہنا تھا کہ مجھے خوشی ہے کہ وزیر اعظم نے مجھ پر بھروسہ کرتے ہوئے میری معاونِ خصوصی برائے غیر ملکی سرمایہ کاری کی حیثیت سے تقرری کی، لیکن میری ساکھ خراب کرنے کے لیے مجھ پر جھوٹے الزامات اور میڈیا میں پروپیگنڈا کیا جارہا ہے جس سے میری کارکردگی کو نقصان پہنچے گا۔

اس سے قبل خیبر پختونخوا کے ماہر تعلیم ڈاکٹر عامر محمد خان جوگیزی نے وزیراعظم عمران خان کی جانب سے بلوچستان کی گورنر شپ کی پیشکش کو مسترد کردیا تھا۔

مزید پڑھیں: نیب ریفرنس دائر ہونے پر بابر اعوان عہدے سے مستعفی

دوسری جانب وزیراعظم کے مشیر برائے پرلیمانی امور بابر اعوان نے نندی پور پاور پروجیکٹ میں اپنے خلاف نیب کے ریفرنس پر عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔

اسی طرح انسپکٹر جنرل پولیس ناصر خان درانی جنہیں پنجاب پولیس کی اصلاحات کے لیے بنائی گئی ٹاسک فورس کا سربراہ مقرر کیا گیا تھا، نے میڈیا رپورٹ کے مطابق پی ٹی آئی کی قیادت سے فاصلے پیدا ہونے پر گزشتہ ہفتے استعفیٰ دے دیا تھا۔

اس کے علاوہ وزیراعظم عمران خان کو اقتصادی رابطہ کونسل کے مشیر کی حیثیت سے نامزد عاطف میاں کو اقلیتی فرقے سے تعلق رکھنے کی بنا پر شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا اور بعد ازاں ان سے استعفیٰ لے لیا گیا تھا۔


یہ خبر 18 اکتوبر 2018 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں