بھارت: دسہرہ کی تقریب، تیز رفتار ٹرینوں کی زد میں آکر 61 افراد ہلاک

اپ ڈیٹ 20 اکتوبر 2018
جائے حادثہ پر لوگوں کی ایک بڑی تعداد موجود تھی —فوٹو : اے پی
جائے حادثہ پر لوگوں کی ایک بڑی تعداد موجود تھی —فوٹو : اے پی

بھارتی شہر امرتسر میں ریلوے ٹریک پر دسہرہ کی تقریب منانے والے سیکڑوں افراد مخالف سمت سے آنے والی 2 ٹرینوں کی زد میں آگئے، جس کے نتیجے میں 61 افراد موقع پر ہی جاں بحق اور 100 سے زائد زخمی ہوگئے۔

انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق حادثے کے وقت سیکڑوں افراد ریلوے ٹریک کے قریب دسہرہ کے جشن میں شریک تھے اور راون کے پُتلے کو جلتا ہوا دیکھ رہے تھے کہ لوکل ٹرین نے ریلوے لائن پر کھڑے افراد کو کچل دیا۔

حادثہ امرتسر اور ماناوالا کے درمیان 27 نمبر جودھا ریلوے پھاٹک پر ہوا۔

ادھر این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق ریلوے حکام کا کہنا تھا کہ ’مخالف سمت سے 2 ٹرینیں ایک ہی وقت میں آنے کی وجہ سے لوگوں کو بھاگ کر جان بچانے کا موقع نہیں مل سکا‘۔

امرتسر پولیس کمشنر شری واستو نے بتایا کہ ’حادثے میں 61 سے زائد افراد ہلاک ہوئے ہیں، ہم لوگوں کو نکال رہے ہیں اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا‘۔

انڈو ایشین نیوز سروس کے مطابق عینی شاہدین کا کہنا تھا کہ جائے حادثہ پر 700 سے زائد افراد موجود تھے جن میں سے تقریباً 60 افراد ہسپتال میں زیرِ علاج ہیں۔

عینی شاہد نے انتظامیہ کو حادثے کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے کہا کہ ٹرین کی آمد سے متعلق کوئی الارم نہیں بجایا گیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ ’دسہرہ کمیٹی اور ریلوے انتظامیہ حادثے کی ذمہ دار ہیں، انہیں اس بات کو یقینی بنانا چاہیے تھا کہ ٹرینوں کو روک دیا جاتا یا ان کی رفتار کم کی جاتی‘۔

پنجاب کے وزیر اعلیٰ امرندر سنگھ کا کہنا تھا کہ وہ حادثے کے بعد امدادی کارروائیوں کی از خود نگرانی کرنے کے لیے فوری طور پر امرتسر پہنچ رہے ہیں۔

انہوں نےسماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ٹوئٹ کیا کہ ’میری حکومت کی جانب سے حادثے میں ہلاک ہونے والے افراد کے لواحقین کو فی کس 5 لاکھ روپے دیے جائیں جبکہ زخمیوں کو سرکاری اور نجی ہسپتالوں میں مفت علاج کی سہولت فراہم کی جائے گی‘۔

بھارت کے وزیراعظم نریندر مودی نے امرتسر حادثے پر شدید دکھ کا اظہار کیا اور متعلقہ حکام کو بروقت امدادی کارروائیوں کی ہدایات جاری کیں۔

بھارت کے صدر رام ناتھ کووند نے ٹوئٹ کیا کہ ’امرتسر میں ریلوے ٹریک پر حادثے کا سن کر دھچکا لگا، ریلوے اور مقامی حکام متاثرین کی مدد کے لیے اقدامات کررہے ہیں'۔

بھارت کے وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ٹوئٹ کیا کہ’ حادثے سے متعلق وزیر داخلہ پنجاب اور ڈائریکٹر جنرل پولیس سے بات کی ہے، وہ جائے حادثہ پر پہنچ رہے ہیں‘۔

انہوں نے مزید کہا کہ ’اس غم کی گھڑی میں مرکزی حکومت ریاست کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرے گی‘۔

دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے اپنے ٹوئٹ میں امرتسر میں حادثے کی مذمت کی اور علاقے میں موجود تمام رضاکاروں کو امدادی کارروائیوں میں حکام کا ساتھ دینے کی اپیل کی۔

بھارت کی اپوزیشن جماعت کانگریس کے رہنما راہول گاندھی نے ٹوئٹ کیا کہ ’پنجاب میں ٹرین حادثے کے نتیجے میں 50 سے زائد افراد کی ہلاکت افسوس ناک ہے‘۔

انہوں نے مقامی حکومت اور کانگریس اراکین کو متاثرین کو بروقت امداد فراہم کرنے پر زور دیا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں