ڈان نیوز ٹی وی پر گزشتہ سال نشر ہونے والی ایک خبر کو ان دنوں ایک اسکرین شاٹ کے ذریعے بے بنیاد طور پر ملک کی موجودہ حکمراں جماعت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سے منسوب کیا جارہا ہے۔

سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے اسکرین شاٹ میں یہ لِکھا دیکھا جاسکتا ہے کہ 'حکومت نے سوشل میڈیا پر وزیر اعظم اور ریاستی اداروں کے خلاف منفی پروپیگنڈے پر کارروائی کا فیصلہ کیا ہے۔'

اگرچہ یہ اسکرین شاٹ مستند ہے لیکن یہ خبر پاکستان تحریک انصاف کی حکومت سے متعلق نہیں ہے۔

جس کلپ سے یہ اسکرین شاٹ لیا گیا ہے وہ مارچ 2017 میں نشر ہوئی تھی جبکہ یہ اقدام مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے اس وقت کے وزیر اعظم نواز شریف کو سوشل میڈیا پر تنقید سے 'محفوظ' رکھنے کے لیے اٹھایا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: ڈان ڈاٹ کام کے نام پرجعلی خبر کے ذریعے عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش

ڈان ڈاٹ کام نے اسکرین شاٹ کے متن کی ڈان نیوز کے آرکائیوز کی فوٹیج کا جائزہ لینے کے بعد تصدیق کی۔

یہ پہلا موقع نہیں ہے جب کسی جعلی خبر کو ڈان برانڈ سے منسوب کیا گیا ہے۔

اس سے قبل کئی مواقع پر جعلی اسکرین شاٹس کو ڈان ڈاٹ کام سے منسوب کرکے سوشل میڈیا پر شیئر کیا گیا ہے تاکہ من گھڑت اور جھوٹی خبریں پھیلائی جاسکیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں