سابق سری لنکن کرکٹر زوئیسا پر میچ فکسنگ کے الزامات

01 نومبر 2018
نووان زوئیسا پر آئی سی سی کے اینٹی کرپشن کوڈ کی تین شقوں کی خلاف ورزی کا الزام ہے— فائل فوٹو: اے ایف پی
نووان زوئیسا پر آئی سی سی کے اینٹی کرپشن کوڈ کی تین شقوں کی خلاف ورزی کا الزام ہے— فائل فوٹو: اے ایف پی

سری لنکن کرکٹ کی مشکلات ہر گزرتے دن کے ساتھ بڑھتی جا رہی ہیں اور سابق کپتان سنتھ جے سوریا کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ایک اور سابق سری لنکن کرکٹر نووان زوئیسا کو اینٹی کرپشن کوڈ کی خلاف ورزی پر چارج شیٹ کرکے معطل کردیا ہے۔

سری لنکا کے سابق فاسٹ باؤلر زوئیسا نے اپنی قومی ٹیم کے ساتھ کوچ کی حیثیت سے تو کام نہیں کیا لیکن وہ اے ٹیم کی کوچنگ کرنے کے ساتھ ساتھ ان کے ہمراہ رواں سال ویسٹ انڈیز اور بنگلہ دیش کا دورہ بھی کر چکے ہیں۔

مزید پڑھیں: آئی سی سی کے جے سوریا پر کرپشن کے الزامات

زوئیسا پر آئی سی سی کے اینٹی کرپشن کوڈ کی تین شقوں کی خلاف ورزی کا الزام ہے جس کے بعد سری لنکن کرکٹ نے سابق فاسٹ باؤلر کو فوری طور پر ’چھٹیوں‘ پر بھیج دیا ہے۔

انہوں نے 2015 میں فاسٹ باؤلنگ کوچ کی حیثیت سے کیمپ کا انعقاد کیا تھا جبکہ وہ بھارت میں گووا کی ٹیم کی کوچنگ بھی کر چکے ہیں۔

زوئیسا پر الزام ہے کہ انہوں نے فکسنگ کے ذریعے انٹرنیشنل میچ کا نتیجہ بدلنے کی کوشش کی، کھلاڑیوں کو فکسنگ پر اکسایا اور آئی سی سی اینٹی کرپشن یونٹ کو میچ فکسنگ کی پیشکش کے حوالے سے آگاہ نہیں کیا۔

یہ ایک ماہ میں دوسرا موقع ہے کہ کسی سری لنکن کرکٹر پر آئی سی سی نے میچ فکسنگ کے الزامات لگائے ہیں جہاں ان سے قبل سابق کپتان سنتھ جے سوریا پر بھی فکسنگ اور کرپشن کے الزامات لگائے گئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: سرفراز کو ٹیسٹ ٹیم کی قیادت کے بوجھ سے آزاد کیا جائے، محسن خان

زوئیسا کے پاس ان الزامات کا جواب دینے کے لیے یکم نومبر سے 14دن کا وقت ہو گا اور کسی قسم کا جواب نہ دینے کی صورت میں آئی سی سی ان کے خلاف کارروائی کا حق محفوظ رکھتی ہے۔

30 ٹیسٹ اور 95 ون ڈے میچوں میں سری لنکا کی نمائندگی کا اعزاز رکھنے والے نووان زوئیسا 2007 میں انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائر ہو گئے تھے۔

تبصرے (0) بند ہیں