صدر مملکت عارف علوی، وزیر اعظم عمران خان سمیت ملک کی دیگر سیاسی و سماجی شخصیات نے مولانا سمیع الحق پر قاتلانہ حملے کی مذمت کرتے ہوئے اسے ملک کے لیے بڑا سانحہ قرار دے دیا۔

صدر مملکت نے واقعے کی مذمت کی اور انہوں نے کہا کہ مولانا سمیع الحق کا قتل انتہائی افسوسناک ہے۔

وزیر اعظم عمران خان نے مولانا سمیع الحق کے قتل پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے واقعے کی شدید مذمت کی اور کہا کہ ملک ایک جید عالم دین اور اہم سیاسی رہنما سے محروم ہوگیا۔

وزیراعظم نے مولانا سمیع الحق کے قتل کی فوری تحقیقات کا حکم بھی جاری کردیا۔

خیال رہے کہ وزیر اعظم چین کے دورے پر ہیں جہاں انہیں مولانا سمیع الحق کے قتل کے حوالے سے اطلاع دی گئی تھی۔

مزید پڑھیں: راولپنڈی: مولانا سمیع الحق قاتلانہ حملے میں جاں بحق

چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بھی قتل کے واقعے کی شدید مذمت کی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ڈی جی آصف غفور نے ٹوئٹر پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ آرمی چیف نے مقتول کے اہلخانہ سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔

سابق وزیر اعظم اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف نے بھی مولانا سمیع الحق کے قتل کے واقعے کی مذمت کی۔

جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے مولانا سمیع الحق کے قتل پر ردعمل دیتے ہوئے اسے کھلی دہشت گردی قرار دیا۔

انہوں نے مولانا سمیع الحق کے پیروکاروں کو صبر کرنے کی بھی تلقین کی۔

وفاقی وزیر انسانی حقوق شیریں مزاری نے واقعے کو بہیمانہ قرار دیتے ہوئے اس کی مذمت کی۔

انہوں نے سوال کیا کہ ’ہمیں کیا ہورہا ہے، اس طرح کا بیہمانہ واقعہ انتہائی افسوسناک ہے‘۔

پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے بھی واقعے پر رنج اور غم کا اظہار کرتے ہوئے قاتلوں اور حملے کے ماسٹر مائنڈز کو گرفتار کرکے منطقی انجام تک پہنچانے کا مطالبہ کیا۔

قائدِ ملت جعفریہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مولانا سمیع الحق کی ملک وقوم اور اتحاد اُمت کیلئے خدمات نمایاں ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: امریکا کی افغان طالبان کو مذاکرت کی پیشکش، مولانا سمیع الحق کا خیرمقدم

خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ محمود خان نے بھی افسوس کا اظہار کرتے کہا کہ سابق سینیٹر مولانا سمیع الحق کی کمی ہمیشہ محسوس کی جائے گی جبکہ ان کی خدمات کو یاد رکھا جائے گا۔

اس کے علاوہ اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی، گورنر سندھ عمران اسمٰعیل، گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور، وزیر اعلیٰ پنجاب نے بھی واقع پر مذمتی بیان جاری کیے۔

تبصرے (0) بند ہیں