پاک-امریکا مشترکہ مقاصد کے حصول کیلئے کوششیں جاری رکھنے پر اتفاق

اپ ڈیٹ 06 نومبر 2018
—فوٹو:وزارت خارجہ
—فوٹو:وزارت خارجہ
—فوٹو:وزارت خارجہ
—فوٹو:وزارت خارجہ

پاکستان اور امریکا کے اعلیٰ سطح کے وفد نے دونوں ممالک کے درمیان عوامی سطح پر روبط بڑھانے پر زور دیتے ہوئے دو طرفہ تعلقات میں بہتری اور علاقائی امن وامان سمیت مشترکہ مقاصد کے حصول کے لیے کوششیں جاری رکھنے پر اتفاق کر لیا۔

اسلام آباد میں امریکی پرنسپل ڈپٹی اسسٹنٹ سیکرٹری آف اسٹیٹ برائے جنوبی و وسطی ایشیا اور سفیر ایلِس ویلز اور وزارت خارجہ کے اعلیٰ حکام سے وفود کی سطح پر مذاکرات ہوئے۔

پاکستانی وفد کی قیادت ایڈیشنل سیکرٹری دفترخارجہ آفتاب کھوکھر نے کی جبکہ وزارتِ داخلہ اور وزارت دفاع کے اعلیٰ افسران بھی وفد کا حصہ تھے۔

مذاکرات میں پاکستانی وفد نے دونوں ممالک کے مابین تعلقات کے فروغ کے لیے اقتصادی و تجارتی تعاون اور عوام کی سطح پر روابط کو بڑھانے پر زور دیا۔

ملاقات میں افغانستان سمیت خطے میں سیکیورٹی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا اور خاص کر افغانستان میں امن و عامہ کی صورت حال موضوع گفتگو رہی۔

اس موقع پر ایلس ویلز کی سربراہی میں امریکی وفد نے زور دیا کہ خطے کا اہم ملک ہونے کے ناطے پاکستان کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے۔

دونوں ممالک کے وفود نے مذاکرات کے دوران دو طرفہ تعلقات میں بہتری اور علاقائی امن و امان سمیت مشترکہ مقاصد کے حصول کے لیے کوششیں جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

قبل ازیں امریکی سفیر اور پرنسپل ڈپٹی اسسٹنٹ سیکریٹری آف اسٹیٹ برائے جنوب و وسطی ایشیا ایلس ویلز اہم دورے پر اسلام آباد پہنچی تو حکومت پاکستان کے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے پیغام جاری کیا گیا کہ ایلس ویلز پاکستانی قیادت سے ملاقاتیں کریں گی اور پاک-امریکا تعلقات، خطے کی صورتحال اور افغان مفاہمی عمل پر بھی گفتگو ہوگی۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ امریکی سفیر ایلس ویلز کی وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کا بھی امکان ہے۔

مزید پڑھیں: قریشی-پومپیو ملاقات: امریکا کی پھر پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کی خواہش

ترجمان وزارت خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے بھی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام دیا تھا کہ ’امریکی پرنسپل ڈپٹی اسسٹنٹ سیکریٹری آف اسٹیٹ برائے جنوب اور وسطی ایشیا اور سفیر ایلس ویلز اپنے دورے میں اعلیٰ حکام سے ملاقات کریں گے‘۔

ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل کا کہنا تھا کہ ’اپنے دورے کے دوران ایلس ویلز، وزیر خزانہ اسد عمر اور وزارت خارجہ کے سینئر حکام سے ملاقات بھی کریں گی‘۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستانی وزیر خارجہ کی امریکا کے مشیرِ قومی سلامتی سے ملاقات

ڈاکٹر فیصل کا کہنا تھا کہ ’امریکی سفیر کے دورے کا مقصد وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور امریکی سیکریٹری خارجہ کے درمیان دو طرفہ تعلقات بہتر بنانے کے لیے ہونے والی بات چیت پر پیش رفت ہے‘۔

یاد رہے کہ گزشتہ ماہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے امریکی سیکریٹری آف اسٹیٹ مائیک پومپیو اور مشیر قومی سلامتی جان بولٹن سے ملاقات کی تھی، جس میں افغانستان کے امور زیر بحث آئے تھے۔

دفتر خارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ایلس ویلز کا دورہ شاہ محمود قریشی اور مائیک پومپیو کے درمیان ہونے والی ملاقات کا نتیجہ ہے اور یہ امریکا کی جانب سے وزیر اعظم عمران خان کی حکومت سے تعلقات قائم کرنے کی ایک کڑی ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں