عراقی وزیراعظم کا بے مثال اقدام، آن لائن درخواستوں سے 5 وزرا کا انتخاب

08 نومبر 2018
عراق کے وزیراعظم عادل عبدالمہدی— فوٹو: اے پی
عراق کے وزیراعظم عادل عبدالمہدی— فوٹو: اے پی

عراق کے وزیر اعظم عادل عبدالمہدی نے کابینہ کے 5 اراکین کے لیے موصول ہونے والی ہزاروں آن لائن درخواستوں سے وزرا کا انتخاب کرلیا۔

برطانوی نشریاتی ادارے 'بی بی سی' کی رپورٹ کے مطابق عراقی وزیر اعظم نے گزشتہ ماہ بے مثال اقدام اٹھاتے ہوئے عوام کو 5 وزارتوں کے لیے آن لائن درخواستیں جمع کرانے کی دعوت دی تھی۔

کابینہ کے لیے درخواست بھیجنے والے امیدواروں سے اپنی 'سی وی' کے ساتھ حکومتی عہدوں کے لیے مطلوبہ شرائط پر پورا اترنے کے لیے ثبوت فراہم کرنے کا بھی کہا گیا تھا۔

بے حاصل انتخابات کے کئی ماہ بعد ڈیڈلاک کے اختتام پر عادل عبدالمہدی کو اکتوبر میں حکومت قائم کرنے کی دعوت دی گئی تھی۔

عراقی وزیراعظم کی 14 رکنی کابینہ کی 5 نشستوں پر منتخب ہونے والوں کے نام اور عہدوں کا اعلان تاحال نہیں کیا گیا۔

مزید پڑھیں: عراقی وزیراعظم کا داعش کوشکست دینے کا اعلان

اس حوالے سے عراق کے وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ انہوں نے اپنے ذاتی فیس بک اکاؤنٹ سے کابینہ کی 5 نشستوں کے لیے ملازمت کا اعلان کیا تھا، جس کے لیے انہیں 15 ہزار درخواستیں موصول ہوئیں۔

انہوں نے بتایا کہ درخواست گزاروں سے پوچھا گیا تھا کہ وہ کون سی وزارت سنبھالنا چاہتے ہیں اور ان کا تعلق کسی سیاسی جماعت سے ہے یا نہیں۔

اس کے علاوہ ان سے مختلف منصوبوں سے متعلق تفصیلات، ایک کامیاب رہنما کی خصوصیات اور اپنی وزارت کو درپیش مشکلات کا حل نکالنے سے متعلق خیالات کا اظہار کرنے کا کہا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: عراقی وزیراعظم کا موصل کو فتح کرنے کا اعلان

خیال رہے کہ عراق کو متعدد مسائل کا سامنا ہے جن میں بڑھتی ہوئی بیروزگاری، کرپشن، دہشت گرد تنظیم داعش سے خالی کروائے گئے تباہ شدہ علاقوں کی ازسرِنو تعمیر اور انہیں شکست دینے کے لیے ایک طویل جنگ شامل ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں