عراقی وزیر اعظم حیدر العبادی نے عراقی فورسز کی جانب سے داعش کے خلاف 3 سالہ جنگ کے بعد فتح کی نوید سناتے ہوئے ملک سے دہشت گرد تنظیم داعش کے خاتمے کا اعلان کردیا۔

اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق حیدر العبادی نے بغداد میں پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ 'ہماری فورسز کا عراق-شام سرحد پر مکمل کنٹرول ہے'۔

حیدر العبادی نے کہا کہ 'ہمارا دشمن ہماری تہذیت کو ختم کرنا چاہتا تھا لیکن ہم نے اتحاد اور عزم سے کامیابی حاصل کرلی ہے اور ہم نے بہت ہی کم عرصے میں داعش کو شکست دی ہے'۔

خیال رہے کہ دہشت گردی تنظیم دولت اسلامیہ (داعش) نے 2014 میں بغداد کے مغربی اور شمالی حصے میں قبضہ کر لیا تھا۔

اتحادیوں کی جانب سے ٹویٹر پر جاری پیغام میں کہا گیا ہے کہ 'عراق کی حکومت اور عراقی سیکیورٹی فورسز کو عراق کو داعش کے قبضے سے آزادی دلانے پر مبارک باد ہو'۔

دفاعی تجزیہ کار ہشام الہاشمی نے خبردار کیا ہے کہ شکست کے باوجود داعش ایک شدت پسند تنظیم کے طور پر اب بھی اپنے کارروائیاں کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے۔

یاد رہے کہ رواں سال جولائی میں عراق کے وزیراعظم حیدر العابدی نے موصل میں داعش کو شکست دے کر کامیابی حاصل کرنے کا اعلان کیا تھا۔

مزید پڑھیں:عراقی وزیراعظم کا موصل کو فتح کرنے کا اعلان

عراقی وزیراعظم کے دفتر سے جاری ایک بیان میں کہا گیا تھا کہ 'داعش کو اب تک کی سب سے بڑی شکست دی گئی ہے اور موصل کو آزاد کرادیا گیا ہے'۔

یادد رہے کہ رواں سال جنوری میں عراقی فوج کے سینئر کمانڈر نے موصل میں داعش کے خلاف جاری آپریشن مکمل ہونے کا عندیہ دیتے ہوئے مشرقی موصل میں عراقی فوج کی ’فتح‘ کا اعلان کردیا تھا۔

عراقی فورسز کو یہ کامیابی تین مہینے جاری رہنے والے آپریشن کے بعد حاصل ہوئی تھی جبکہ عراقی فورسز نے دعویٰ کیا تھا کہ وہ جلد ہی مغربی موصل میں بھی داعش کے خلاف آپریشن شروع کرے گی۔

عراقی فوج نے فروری میں مغربی موصل کے ائرپورٹ کا قبضہ حاصل کرکے داعش کے کنٹرول کو مزید کمزور کردیا تھا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں