کوئٹہ میں پی بی 26 کا انتخاب کالعدم قرار

اپ ڈیٹ 15 نومبر 2018
احمد علی — فائل فوٹو
احمد علی — فائل فوٹو

اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے بلوچستان اسمبلی کے حلقہ پی بی 26 کوئٹہ پر افغان شہری کے بطور ایم پی اے منتخب ہونے پر انتخابات کالعدم قرار دے دیا۔

الیکشن کمیشن نے دوسرے نمبر پر آنے والے امیدوار کی درخواست بھی مسترد کرتے ہوئے پی بی 26 میں دوبارہ انتخاب کروانے کا حکم دے دیا۔

ای سی پی میں بلوچستان اسمبلی کے حلقہ پی بی 26 سے مبینہ طور پر افغان شہری احمد علی کے منتخب ہونے اور مولانا ولی محمد ترابی کی درخواست پر کمیشن کے ممبر سندھ عبدالغفار سومرو کی سربراہی میں 2 رکنی کمیشن نے سماعت کی۔

مزید پڑھیں: کوئٹہ پی بی 26 کے کامیاب امیدوار ’غیر پاکستانی‘ ہیں، ڈپٹی کمشنر

اس موقع پر پی بی 26 سے منتخب ہونے والے ایم اپی اے احمد علی اور مولانا ولی محمد ترابی کے وکلاء الیکشن کمیشن کے سامنے پیش ہوئے۔

کمیشن کے پنجاب سے رکن الطاف ابراہیم قریشی نے استفسار کیا کہ انہوں نے ایک درخواست بلوچستان ہائی کورٹ میں بھی جمع کروائی ہے، جس پر وکیل مولانا ولی محمد ترابی کا کہنا تھا کہ ہائیکورٹ بلوچستان کی جانب سے فریقین کو نوٹس جاری کیے جا چکے ہیں۔

ای سی پی کے سندھ سے رکن عبدالغفار سومرونے کہا کہ رپورٹ کے مطابق احمد علی افغان شہری ہیں، پی بی 26 کا الیکشن کالعدم قرار دیا جاتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بلوچستان: 8 صوبائی حلقہ بندیاں کالعدم قرار

الیکشن کمیشن نے صوبائی حلقے میں دوبارہ الیکشن کرانے کا حکم دیا جبکہ مولانا ولی محمد ترابی کی درخواست بھی مسترد کر دی،جس میں انہوں نے احمد علی کوہزاد کی جگہ ان کی کامیابی کے اعلان کی استدعا کی تھی۔

کمیشن نے مولانا ولی محمد ترابی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ جنہوں نے آپ کو ووٹ نہیں دیا ان پر آپ کو کیسے مسلط کیا جائے۔

ممبر الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ قانون میں ایسی کوئی گنجائش نہیں کہ منتخب امیدوار کی نااہلی کے بعد رنر اپ کو کامیاب قرار دیا جائے۔

واضح رہے کہ 25 جولائی کو عام انتخابات میں احمد علی 5 ہزار 117 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے تھے جبکہ ان کے مدمقابل متحدہ مجلس عمل (ایم ایم اے) کے ولی محمد نے 3 ہزار 242 ووٹ حاصل کیے تھے۔

2 اگست کو کوئٹہ کے ڈپٹی کمشنر (ڈی سی) نے عام انتخابات میں پی بی 26 (کوئٹہ تھری) سے کامیابی حاصل کرنے والے احمد علی کو ہزاد کو بلوچستان ہائی کورٹ میں جمع کرائے گئے اپنے خط میں ’غیر پاکستانی‘ قرار دیا تھا۔

ہائی کورٹ پی بی 26 سے کامیاب ہونے والے ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی (ایچ ڈی پی) کے امیدوار احمد علی کی دائر کردہ درخواست کی سماعت کر رہی ہے۔

نادرا نے انتخابات سے قبل احمد علی کوہزاد کا شناختی کارڈ افغان مہاجر ہونے کے شبے میں بلاک کردیا تھا، جبکہ الیکشن کمیشن نے انہیں انتخابات میں حصہ لینے سے روک دیا تھا۔

تاہم بلوچستان ہائی کورٹ نے الیکشن کمیشن کے حکم کو معطل کرتے ہوئے احمد علی کوہزاد کو انتخابات میں حصہ لینے کی اجازت دی تھی۔

تبصرے (0) بند ہیں