نوکیا کے ایک اور کلاسیک فون کو نئی زندگی مل گئی

15 نومبر 2018
— فوٹو بشکریہ ایچ ایم ڈی گلوبل
— فوٹو بشکریہ ایچ ایم ڈی گلوبل

ایچ ایم ڈی گلوبل نے ایک اور کلاسیک نوکیا فون نئی شکل میں متعارف کرادیا ہے۔

نوکیا 106 ایک فیچر فون ہے جو سب سے پہلے 2013 میں پیش کیا گیا تھا اور اب اسے کچھ بہتری کے ساتھ دوبارہ نوکیا 106 (2018) کے نام سے متعارف کرایا گیا ہے۔

یہ فون سب سے پہلے روس میں فروخت کے لیے رواں ماہ کے آخر تک 1590 روبل (3 ہزار 200 پاکستانی روپے کے قریب) میں دستیاب ہوگا، جبکہ دیگر ممالک میں بھی جلد پیش کیا جائے گا۔

مزید پڑھیں : نوکیا 3310 کی واپسی

یہ تیسرا فیچر فون ہے جو نوکیا برانڈ کا لائسنس حاصل کرنے والی کمپنی ایچ ایم ڈی گلوبل نے نئے ڈیزاین کے ساتھ متعارف کرایا۔

اس سے پہلے یہ کمپنی نوکیا 3310 اور نوکیا 8110 فون بھی نئی تبدیلیوں کے ساتھ سامنے لاچکی ہے۔

فوٹو بشکریہ ایچ ایم ڈی گلوبل
فوٹو بشکریہ ایچ ایم ڈی گلوبل

نوکیا 106 (2018) میں 1.8 کیو کیو وی جی اے ڈسپلے دیا گیا ہے جس میں 160x120 پکسلز ریزولوشن ہے۔

میڈیا ٹیک ایم ٹی 6261 ڈی پراسیسر، 4 ایم بی ریم اور 4 ایم بی انٹرنل اسٹوریج بھی اس فون کا حصہ ہے اور کمپنی کے مطابق اس میں 2 ہزار کانٹیکٹس اور 500 پیغامات محفوظ کیے جاسکتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : نوکیا کے ایک اور پرانے فون کی نئی شکل میں واپسی

اس فون کلاسیک اسنیک گیم پری لوڈڈ ہے جبکہ مختلف گیمز کو خریدنے کا آپشن بھی دیا جائے گا۔

اس فون میں 800 ایم اے ایچ ریمووایبل بیٹری دی گئی ہے جس کے بارے میں کمپنی کا دعویٰ ہے کہ ایک چارج پر یہ 21 دن تک اسٹینڈ بائی رہتی ہے، جبکہ لگاتار 15 گھنٹے تک بات کی جاسکتی ہے۔

نوکیا 106 ڈوئل سم سپورٹ اور مائیکرو یو ایس بی پورٹ کے ساتھ ہے جبکہ ایل ای ڈی فلیش اور ایف ایم ریڈیو سپورٹ بھی دی گئی ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں