گزشتہ مہینے سام سنگ نے دنیا کا پہلا 4 بیک کیمروں والا اسمارٹ فون متعارف کرایا تھا اور اب یہ ریکارڈ ایچ ایم ڈی گلوبل نوکیا 9 کی شکل میں توڑنے کے لیے تیار ہے۔

نوکیا فونز کی فروخت کا لائسنس رکھنے والی کمپنی ایچ ایم ڈی گلوبل کی جانب سے 5 دسمبر کو دبئی میں ایک ایونٹ ہوگا جس میں نئے نوکیا اسمارٹ فونز متعارف کرائے جائیں گے، جن میں سے ایک دنیا کا پہلا 5 بیک کیمروں والا اسمارٹ فون نوکیا 9 بھی ہوسکتا ہے۔

مزید پڑھیں : دنیا کا پہلا 5 بیک کیمروں والا اسمارٹ فون

گزشتہ دنوں ایچ ایم ڈی گلوبل چیف پراڈکٹ آفیسر جوہو سرویکاس کی جانب سے اس ایونٹ کا اعلان ٹوئٹر میں کیا گیا اور 3 اسمارٹ فونز کی تصویر کا ٹیزر دیا گیا۔

ٹیزر میں ان ماڈلز کی تفصیلات تو بیان نہیں کی گئیں مگر امکان ہے کہ ان میں ایک نوکیا 9، دوسرا نوکیا 8.1 جبکہ تیسرا بجٹ فون نوکیا 2.1 پلس ہوسکتا ہے۔

مارکیٹ میں 2016 کے آخر سے نوکیا فونز متعارف کرائے جانے کا سلسلہ شروع ہوا تھا جس کے دوران مڈرینج اینڈرائیڈ فونز، فیچرز فونز اور ماضی کے مقبول فونز کو نئی شکل میں پیش کیا گیا۔

مگر نوکیا 9 کی شکل میں یہ کمپنی پہلا حقیقی فلیگ شپ فون پیش کرنے کے لیے تیار ہے۔

نوکیا 9 کی تصاویر بھی لیک ہوکر سامنے آچکی ہیں جس میں 5.9 انچ کا بیزل لیس ڈسپلے 18:9 ریشو کے ساتھ دیئے جانے کا امکان ہے جبکہ نوچ نہیں ہوگا۔

ممکنہ نوکیا 9 کا کانسیپٹ ڈیزائن — فوٹو بشکریہ 91Mobiles ٹوئٹر پیج
ممکنہ نوکیا 9 کا کانسیپٹ ڈیزائن — فوٹو بشکریہ 91Mobiles ٹوئٹر پیج

اس کے بیک پر اسٹار کی شکل کا زئیسز برانڈڈ 5 کیمرے لینس اور فلیش موجود ہے۔

تصاویر میں بیک پر کوئی فنگرپرنٹ سنسر نظر نہیں آتا تو توقع کی جاسکتی ہے کہ وہ اسکرین کے اندر ہوسکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : سام سنگ کا پہلا 3 کیمروں والا فون پاکستان میں متعارف

اس فون میں ہیڈفون جیک بھی نہیں ہوگا جبکہ چارجنگ کے لیے یو ایس بی سی پورٹ دی جائے گی۔

اس کے دیگر ممکنہ فیچرز میں اسنیپ ڈراگون 845 پراسیسر، 8 جی بی ریم، 128 جی بی اسٹوریج اور 4150 ایم اے ایچ بیٹری قابل ذکر ہیں۔

ممکنہ نوکیا 9 کا کانسیپٹ ڈیزائن — فوٹو بشکریہ 91Mobiles ٹوئٹر پیج
ممکنہ نوکیا 9 کا کانسیپٹ ڈیزائن — فوٹو بشکریہ 91Mobiles ٹوئٹر پیج

دوسری جانب نوکیا 8.1 گزشتہ ماہ چین میں متعارف کرائے جانے والے نوکیا ایکس 7 کا گلوبل ورژن ہے جس میں 6.18 فل ایچ ڈی پلس نوچ ڈسپلے دیا گیا تھا۔

اس میں اسنیپ ڈراگون 710 پراسیسر، اینڈرائیڈ اوریو، 4 سے 6 جی بی ریم جبکہ 64 جی بی سے 128 جی بی اسٹوریج کے آپشنز موجود ہیں۔

اس کے بیک پر بارہ اور 13 میگا پکسل کے 2 کیمرے دیئے گئے ہیں۔

تبصرے (1) بند ہیں

KHAN Nov 18, 2018 10:42pm
نوکیا کے فون کسی زمانے میں اپنی مثال آپ تھے مگر اب نہیں۔ اور خاص طور پر پاکستان میں اس کی سروس جو ایڈوانس ٹیلی کام اور ایم اینڈ پی کے پاس ہیں۔ انتہائی نالائقی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اس کمپنی کے نام کو داغدار کررہے ہیں۔ دونوں نوکیا کا نام استعمال کرکے کروڑوں کما رہے ہیں مگر سروس زیرو ہے۔