وزارت سمندر پارپاکستانی: آن لائن شکایت سینٹر،ای گورننس پورٹل کا افتتاح

اپ ڈیٹ 19 نومبر 2018
وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سمندر پارپاکستانی زلفی بخاری نے کال سرزمین کا افتتاح کیا—فوٹو/کال سرزمین
وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سمندر پارپاکستانی زلفی بخاری نے کال سرزمین کا افتتاح کیا—فوٹو/کال سرزمین

بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے قائم وزارت نے سمندر پارپاکستانیوں کے لیے ویب سائٹ اور کال سرزمین ای گورننس ویب پورٹل کا افتتاح کر دیا۔

وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے سمندر پارپاکستانی زلفی بخاری نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ‘یہ پہلی وزارت ہے جو ای گورننس کی طرف گئی’۔

زلفی بخاری کا کہنا تھا کہ ‘میں مینول فائلوں کا قائل نہیں، موٹی موٹی فائلیں میں پورا دن ضائع ہوتا ہے اور اس سے حاصل کچھ نہیں ہوتا لیکن اب تمام نظام کو کمپیٹوٹرائزڈ کر دیا گیا ہے’۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘ٹریکنگ سسٹم بنا دیا گیا ہے جس سے فائلوں پر پیش رفت کا پتہ چلتا ہے اور اس کے لیے رضا کاروں کو ساتھ ملا کر کام کیا’۔

یہ بھی پڑھیں:زلفی بخاری کیس: ’بڑے عہدوں پر تقرر اہم فریضہ، دوستی پر معاملات نہیں چلیں گے‘

وزیراعظم کے معاون خصوصی نے کہا کہ ‘کال سرزمین سینٹر پوری دنیا میں سمندر پار پاکستانیوں کے لیے ہر وقت کام کرے گا، سمندر پار پاکستانی کال سر زمین کے تحت اپنی شکایات بھیجیں گے اور ان کی شکایات کو فوری طور پر سنا جائے گا’۔

انہوں نے کہا کہ ‘کال سرزمین کی موبائل ایپس بھی بنائی جائیں گی’۔

وزارت کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ‘کال سرزمین بنیادی طور پر بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے شکایت کا ایک مرکز ہے جہاں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے قیام اور وزارت کے محکموں سے متعلق شکایتیں وصول کی جا سکتی ہیں’۔

مزید پڑھیں:زلفی بخاری وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے اوورسیز پاکستانی مقرر

شکایات کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ‘یہ شکایات وزیر کے پاس ایک اسکرین تک پہنچ جاتی ہیں اور وہ انہیں دیکھ سکتے ہیں اور کارروائی بھی کر سکتے ہیں’۔

ترجمان کے مطابق ‘وزارت برائے سمندر پار پاکستانی اور انسانی وسائل کی ترقی کو ڈیجیٹلائز کرنے کے لیے ‘ای گورننس’ ایک قابل تحسین قدم ہے جس کے تحت روزمرہ کے کاموں کی فوری پروسیسنگ کے لیے کاغذوں کا رواج ختم کرکے وزارت کو آن لائن کیا جا رہا ہے اور اب کسی بھی فائل کو نمٹانے میں ایک سے زیادہ دن کا وقت درکار نہیں ہوگا’۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ‘بیرون و اندرون ملک پاکستانیوں کو اس ویب سائٹ کے ذریعے وزارت کے محکموں اور ان کے کام کے بارے میں رہنمائی ملے گی اور متعلقہ لوگوں سے فوری رابطہ بھی کیا جا سکے گا’۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں