وقار ذکاء نے شیشہ پیا یا شراب؟

20 نومبر 2018
وقار ذکاء نے ویڈیو شیئر کرکے اپنے غصے کا اظہار کیا —فوٹو/ اسکرین شاٹ
وقار ذکاء نے ویڈیو شیئر کرکے اپنے غصے کا اظہار کیا —فوٹو/ اسکرین شاٹ

نجی ٹی وی چینل پر ریئلٹی شو کی میزبانی کرنے والے وقار ذکاء کو پولیس نے شیشہ (حقہ) پینے کے جرم میں گرفتار کرلیا تاہم سوشل میڈیا پر یہ خبر بھی وائرل ہوئی کہ انہیں نشے کی حالت میں گرفتار کیا گیا تھا۔

وقار ذکاء نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر اس بات کی وضاحت بھی کی کہ انہیں شراب پینے کی وجہ سے گرفتار نہیں کیا گیا اور نہ ہی وہ نشے کی حالت میں موجود تھے۔

میزبان نے اس معاملے کے حوالے سے کئی ویڈیوز بھی اپنے اکاؤنٹس پر شیئر کی۔

ان کا کہنا تھا کہ ’میں نہیں جانتا میڈیا میں کیا بات کی جارہی ہے، میں نے آخر کیا کیا ہے؟ میں نشے کی حالت میں کب پکڑا گیا؟ ایسی خبریں سامنے آئیں کہ میری گاڑی میں شراب کی بوتلیں برآمد ہوئیں، آپ سے درخواست ہے کہ ایف آئی آر کو پڑھیں، اور اگر آپ خود نہیں پڑھ سکتے تو کسی اور سے کہیں کہ آپ کو پڑھ کر سنائے‘۔

وقار ذکاء نے مزید بتایا کہ ’اگر آپ کے گھر میں یا گاڑی میں شیشہ موجود ہے پھر چاہے آپ اسے استعمال بھی نہ کررہے ہوں، تو آپ کو گرفتار کیا جائے گا، کیوں کہ میری گاڑی میں شیشہ موجود تھا، میں اسے استعمال تک نہیں کررہا تھا، لیکن پولیس نے مجھے گرفتار کیا اور مجھے بتایا کہ میرے خلاف ایف آئی آر درج کی جاچکی ہے‘۔

وقار ذکاء کے مطابق ’پوچھنے پر مجھے بتایا گیا کہ شیشہ رکھنے کے جرم میں مجھے گرفتار کیا گیا ہے۔

انہوں نے چند میڈیا چینلز کو جھوٹی خبر نشر کرنے پر تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ’نشر ہونے والی خبر میں کوئی سچائی نہیں، میرے پاس شراب موجود نہیں تھی، میرے شام اور برما میں کیے گئے کاموں پر تو کبھی کوئی خبر نہیں چلائی، اگر ابھی بھی مجھ پر یقین نہیں آرہا تو پولیس اسٹیشن جاکر پتہ کرلیں‘۔

وقار ذکاء نے یہ بھی کہا کہ وہ اپنی گرفتاری کو مسئلہ نہ بناتے ہوئے لوگوں میں اس بات کا شعور اجاگر کرنے کی کوشش کررہے ہیں کہ اگر ان کے پاس شیشہ یا حقہ موجود ہے تو پھر ان کے خلاف بھی ایف آئی آر درج کی جاسکتی ہے۔

ٹی وی میزبان نے اپنی ایف آئی آر کی تصویر بھی سوشل میڈیا پر شیئر کی۔

وقار ذکاء کا شمار مشہور ٹی وی میزبانوں میں کیا جاتا ہے، اس سے قبل بھی کئی متنازع خبروں میں ان کا نام آچکا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں