رومن رینز کے بعد ایک اور مقبول ریسلر شدید زخمی

اپ ڈیٹ 21 نومبر 2018
— فوٹو بشکریہ ڈبلیو ڈبلیو ای
— فوٹو بشکریہ ڈبلیو ڈبلیو ای

کچھ عرصے پہلے ڈبلیو ڈبلیو ای کے مقبول ترین ریسلرز میں سے ایک رومن رینز کو خون کے سرطان کی وجہ سے چیمپئن شپ اور ریسلنگ رنگ سے دستبرداری اختیار کرنا پڑی تھی اور اب ایک اور ریسلر بھی شدید زخمی ہونے کے بعد کچھ عرصے کے لیے کمپنی سے دور ہوگیا ہے۔

جی ہاں ڈبلیو ڈبلیو ای شو منڈے نائٹ را کے دوران مونسٹر کی عرفیت سے معروف براﺅن اسٹرومین شدید انجری کا شکار ہوگئے ہیں۔

مزید پڑھیں : رومن رینز کینسر کا شکار، ٹائٹل اور ریسلنگ چھوڑ گئے

براﺅن اسٹرومین بیرن کوربن، بوبی لیشلے اور ڈریو میکنٹائر کے حملوں کی وجہ سے شدید زخمی ہوگئے اور خون میں نہا گئے۔

اس موقع پر جب ریسلر کو طبی امداد دی جارہی تھی تو براﺅن اسٹرومین نے طبی عملے کو کہا ’ میں اپنی انگلیوں کی موجودگی کا احساس نہیں کرپارہا’۔

براﺅن اسٹرومین نے سروائیور سیریز میں را کو کلین سوئپ میں مدد دی تھی اور اس کے بدلے را کی کمشنر اسٹیفنی میکموہن نے ریسلر کا مقابلہ اگلے ماہ شیڈول ایونٹ ٹی ایل سی میں بیرن کوربن سے کرانے کا اعلان کیا تھا، جبکہ رائل رمبل میں وہ یونیورسل چیمپئن شپ کے لیے بروک لیسنر کا سامنا کریں گے۔

مگر اب براﺅن اسٹرومین کی ٹی ایل سی میں شرکت خطرے میں پڑگئی ہے کیونکہ کمپنی کی جانب سے جاری بیان میں انجری کو سنگین نوعیت کا قرار دیا گیا ہے۔

کمپنی کے مطابق ڈریو میکنٹائر، بوبی لیشلے اور قائم مقام جنرل منیجر بورن کوربن کے حملوں میں براﺅن اسٹرومین کی کہنی کی ہڈی ٹوٹ گئی ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ سکس مین ٹیگ ٹیم میچ کے دوران تینوں ریسلرز نے براﺅن اسٹرومین کو بیدردی سے نشانہ بنایا اور ان کے دائیں ہاتھ پر آہنی سیڑھی دے ماری۔

یہ بھی پڑھیں : کینسر کے شکار رومن رینز کی ریسلنگ میں واپسی کب تک ہوگی؟

ڈبلیو ڈبلیو ای نے تصدیق کی ہے کہ اس حملے کے نتیجے میں براﺅن اسٹرومین شدید طور پر زخمی ہوئے ہیں۔

یہ ڈبلیو ڈبلیو ای کے لیے ایک اور دھچکا ہے کیونکہ گزشتہ ہفتے اسمیک ڈاﺅن ویمن چیمپئن بیکی لنچ کی ناک کی ہڈی ایک ریسلر کے گھونسے ٹوٹ گئی تھی اور انہیں سروائیور سیریز سے دستبردار ہونا پڑا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں