بھارتی ریاست گوا میں حکام نے کسانوں کو اچھی فصل کے لیے یوریا کے بجائے ’منتر‘ پڑھنے کا مشورہ دے دیا۔

اس حوالےسے بتایا گیا کہ حکام نے کسانوں کو مصنوعی طریقہ ترک کرنے اور مہینے میں 20 دن اپنی فصلوں کی بہترین نشونما اور مقدار کے لیے کھیتوں میں بیٹھ کر منتر پڑھنے پر زوردیا۔

یہ بھی پڑھیں: بھارت میں کسانوں کا مظاہرہ، فائرنگ سے 6 ہلاک

میڈیا رپورٹس کے مطابق حکام کا کہنا تھا کہ کسانوں کی جانب سے مراقبہ میں منتر پڑھنے سے کائنات کی توانائی یکجا ہو کر فصل میں اتر آئے گی اور فصل کی آبیاری میں غیرمعمولی فائدہ ہوگا۔

گوا زرعی محکمے کے ڈائریکٹر نیلسن فیگیریڈو نے صحافیوں کو بتایا کہ کسانوں کو مہینے میں 20 دن اور یومیہ کم ازکم 20 منٹ فصلوں میں بیٹھ کر منتر پڑھنے کی ضرورت ہے۔

اس حوالے سے انہوں نے مزید بتایا کہ محکمے کے افسران نے ماحول دوست اور قدرتی کاشت کے طریقے کو اپنانے کے لیے مقامی شخصیات سے رابطہ شروع کردیا ہے۔

مزیدپڑھیں: امیتابھ بچن بھارتی کسانوں کو خودکشی سے بچانے میں مصروف

دوسری جانب ریاستی وزیر برائے زرعت ویجے سردیسائی نے کہا کہ منترا کے ذریعے کاشت کاری کےلیے پرجوش ہوں اور کیمیکل پر مبنی یوریا سے چھٹکارہ چاہتا ہوں۔

ڈائریکٹر نیلسن فیگیریڈو نے براہمن کمارسی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ’بھارت میں ایک ہزار کسان اچھی فصل کے لیے مراقبہ اور منتر کا عمل کررہے جس کے خاطرخواہ نتائج مرتب ہو رہےہیں‘۔

ان کا کہنا تھا کہ گوا کے کسانوں کو ’یوگا کاشت کاری‘ کی تعلیم دی جائے گی تاکہ ان کے زرعی اخراجات میں کمی اور ماحول میں بہتری آسکے۔

تبصرے (0) بند ہیں