ابوظہبی ٹیسٹ: اظہر، اسد کی سنچریاں، پاکستان کی نیوزی لینڈ پر برتری

05 دسمبر 2018
اسد شفیق اور اظہر علی نے شاندار سنچریاں بنائیں— فائل فوٹو: اے پی
اسد شفیق اور اظہر علی نے شاندار سنچریاں بنائیں— فائل فوٹو: اے پی

پاکستان نے متحدہ عرب امارات میں جاری ٹیسٹ سیریز کے تیسرے میچ کے تیسرے روز تجربہ کار بلے بازوں اظہر علی اور اسد شفیق کی سنچریوں کی مدد سے نیوزی لینڈ کے خلاف اپنی پوزیشن مستحکم کرتے ہوئے 74 رنز کی برتری حاصل کی جبکہ مہمان ٹیم نے دوسری اننگز میں 2 وکٹوں پر 26 رنز بنا لیے۔

ابوظہبی کے شیخ زید اسٹیڈیم میں میچ کے تیسرے روز پاکستان نے اپنی نامکمل اننگز 139 رنز 3 کھلاڑیوں کے آؤٹ پر شروع کی تو اظہر علی اور اسد شفیق نے ذمہ دارانہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور وقتاً فوقتاً جارحانہ انداز اپناتے ہوئے اسکور میں تیزی کے ساتھ اضافہ کیا۔

تجربہ کار اظہر علی نے اپنی 15ویں سنچری مکمل کی اور ان کے ساتھ کریز پر موجود اسد شفیق بھی پیچھے نہ رہے اور انہوں نے اپنے کریئر کی 12ویں سنچری مکمل کی۔

اظہر علی 134 اور اسد شفیق 104 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔

بابراعظم نے چھٹی وکٹ میں 312 کے اسکور تک کپتان سرفراز کا ساتھ دیا اور انفرادی طور پر 14 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جس کے بعد بلال آصف نے 11 رنز بنائے اور 333 کے مجموعے پر کپتان کا ساتھ چھوڑ دیا۔

سرفراز احمد نے 25 رنز کی اننگز کھیلی لیکن دوسری طرف سے کوئی بھی بلےباز ان کا ساتھ نہیں دے سکا جس کے نتیجے میں پاکستان کی برتری محدود ہو گئی، سرفراز پاکستان کی جانب سے آؤٹ ہونے والے آخری بلے باز تھے۔

پاکستان کی پوری ٹیم 348 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی تو انہیں نیوزی لینڈ پر محض 74 رنز کی برتری حاصل ہوئی تھی۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے سومرویل نے سب سے زیادہ 4 وکٹیں حاصل کیں، 2،2 وکٹیں ٹرینٹ بولٹ اور اعجاز پٹیل کے حصے میں آئیں اور ساؤدھی ایک وکٹ کے حق دار ٹھہرے۔

پاکستان کی جانب سے اپنا پہلا ٹیسٹ میچ کھیلنے والے شاہین شاہ آفریدی نے نیوزی لینڈ کو شروع میں ہی نقصان پہنچایا اور راول کو صفر پر پویلین بھیج دیا۔

مزید پڑھیں: محمد حفیظ نے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا

یاسر شاہ نے کیویز کے تجربہ کار بلے باز ٹام لیتھام کو 24 کے مجموعے پر آؤٹ کیا جنہوں نے 10 رنز بنائے تھے، یاسر شاہ کو ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں تیز ترین 200 وکٹیں مکمل کرنے کے مزید ایک وکٹ درکار ہے۔

نیوزی لینڈ نے ابوظہبی ٹیسٹ کے تیسرے روز کھیل کے اختتام پر 2 وکٹوں پر 26 رنز بنائے تھے اور پاکستان کی برتری ختم کرنے کے لیے مزید 48 رنز درکار ہیں۔

کپتان کین ولیمسن 14 اور سومر ویل ایک رن بنا کر کھیل رہے ہیں۔

خیال رہے کہ پاکستان نے پہلی اننگز میں بلال آصف کی شاندار باؤلنگ کی بدولت نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم کو 274 رنز پر کردیا تھا۔

پاکستان کی جانب سے یاسر شاہ نے بھی 3 وکٹیں حاصل کی تھیں لیکب وہ پہلی اننگز میں ٹیسٹ کرکٹ میں تیز ترین 200 وکٹیں مکمل کرنے کا ریکارڈ محض 2 وکٹوں کے فرق سے اپنے نام نہ کرسکے تھے۔

تبصرے (0) بند ہیں