جیکب آباد: رقم نہ ملنے پر بیٹے نے65 سالہ باپ کو قتل کردیا

غربت سے مجبور باپ بیٹے کے مطالبے پر رقم نہیں دے سکا تھا—فائل فوٹو
غربت سے مجبور باپ بیٹے کے مطالبے پر رقم نہیں دے سکا تھا—فائل فوٹو

سندھ کے شہر جیکب آباد میں مطالبے پر رقم نہ دینے پر سنگدل بیٹے نے فائرنگ کر کے بوڑھے باپ کو قتل کردیا اور خود بھی خود کشی کرلی۔

پولیس ذرائع کے مطابق جیکب آباد کے تھانہ میراں پور کی حدود میں واقع گاؤں لاشار خان جمالی میں بیٹے سھنو لھر نے اپنے باپ قبول لھر سے دس ہزار مانگے تو غربت سے مجبور باپ نے اتنی رقم دینے سے معذوری ظاہر کی۔

باپ کے انکار کرنے پر بیٹے طیش آکر باپ پر ٹی ٹی پسٹل سے فائرنگ کردی جس کے باعث 65 سالہ بوڑھا باپ قبول لھر نے موقع پر ہی دم توڑ گیا ۔

یہ بھی پڑھیں: فیصل آباد: پانچ سو روپے کی خاطر بہن اور ماں قتل

باپ کو قتل کرنے کے بعد مبینہ قاتل سھنو لھر نے خود پر بھی فائر کرکے اپنی زندگی کا خاتمہ کرلیا۔

اطلاع ملتے ہی حدود تھانہ پولیس نے پہنچ کر دونوں نعشیں اپنی تحویل میں لیں اور تحصیل ہسپتال گڑھی خیرو منتقل کردیں جہاں سے پوسٹ مارٹم کے بعد نعشیں لواحقین کے حوالے کردی گئیں۔

اس حوالے سے رابطہ کرنے پر سینئر ہاؤس آفیسر ( ایس ایچ او) امام خش بروہی نے بتایاکہ تاحال مقدمہ درج نہیں کیا جاسکا، اگر کل تک کوئی مدعی نہیں آیا تو ریاست کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا جائے گا۔

مزید پڑھیں: 16 سالہ لڑکے کا والدین، بہن بھائیوں کے قتل کا اعتراف

رواں برس 13 مارچ کو سوتیلی ماں کو غیرت کے نام پر قتل کرنے سے روکنے پر بیٹے نے فائرنگ کر کے باپ کو ہی قتل کردیا تھا۔

20 مئی کو خون سفید ہونے کا ایک اور ایسا واقعہ رونما ہوا جس میں 4 بھائیوں نے مل کر اپنی 50 سالہ والدہ کو غیرت کے نام پر قتل کردیا تھاْ۔

8 ستمبر کو ایک باپ نے غیرت کے نام پر بیٹی داماد اور کم سن نواسوں کو گھر بلا کر تیز دھار آلے کے وار کر کے قتل کردیا تھا۔

2 دسمبر کو پنجاب میں بھی ایک انسانیت سوز واقعہ دیکھنے میں آیا جس میں والدین نے جعلی عامل کے کہنے پر اپنی ہی ڈیڑھ سالہ بیٹی کا گلا کاٹ کر اسے قتل کردیا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں