ایمرجنگ کپ: پاکستان، ہانگ کانگ کے خلاف 225 رنز سے فتح یاب

06 دسمبر 2018
ہانگ کانگ نے  ٹاسجیت کر  فیلڈنگ کا فیصلہ کیا — فوٹو : ٹوئٹر
ہانگ کانگ نے ٹاسجیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا — فوٹو : ٹوئٹر

پاکستان نے انڈر 23 ایشین کرکٹ کونسل ایمرجنگ ٹیمز کپ کے میچ میں ہانگ کانگ کو 225 رنز سے شکست دے دی۔

نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے میچ میں ہانگ کانگ کے کپتان اعزاز خان نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔

پاکستان کی جانب سے صاحبزادہ فرحان اور علی عمران نے اننگز کا آغاز کیا اور 219 رنز کی بہترین شراکت قائم کی۔

قومی ٹیم کے پہلے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی علی عمران تھے جنہوں نے 105 گیندوں پر 107 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔

مزید پڑھیں : ولیمسن، نکولس کی ڈبل سنچری شراکت، ابوظہبی ٹیسٹ ڈرا کی جانب گامزن

صاحبزادہ فرحان 267 رنز کے مجموعی اسکور پر اعزاز خان کا شکار ہوئے، انہوں نے 125 گیندوں پر 130 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔

اوپنرز کی پویلین واپسی کی بعد خوشدل شاہ اور کپتان محمد رضوان نے ٹیم کے اسکور کو آگے بڑھایا۔

خوشدل شاہ نے 40 گیندوں پر 83 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی اور 358 کے مجموعی اسکور پر شاہد واصف کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔

پاکستان نے 50 اووز میں 3 کھلاڑیوں کے نقصان پر 366 رنز بنائے، محمد رضوان 26 گیندوں پر 33 رنز اور حسین طلعت 5 گیندوں پر 6 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

ہانگ کانگ کی جانب سے اعزاز خان نے 2 اور احسان نواز نے ایک وکٹ حاصل کی۔

ہانگ کانگ کی ٹیم 367 رنز کے ہدف کے تعاقب میں اننگز کے آغاز ہی سے مشکلات کا شکار رہی اور کپتان اعزاز خان 15 رنز کے مجموعی اسکور پر کوئی رن بنائے بغیر آؤٹ ہوگئے۔

کپتان کے آؤٹ ہونے کے بعد بابر حیات اور راگ کپور نے میدان سنبھالا لیکن 38 کے مجموعے پر محمد الیاس کی تباہ کن باؤلنگ سے ہاانگ کانگ کی بیٹنگ لائن لڑکھڑا گئی اور انہوں نے لگاتار تین گیندوں پر وکٹیں حاصل کرکے ہیٹ ٹرک کی۔

یہ بھی پڑھیں : ابوظہبی ٹیسٹ: اظہر، اسد کی سنچریاں، پاکستان کی نیوزی لینڈ پر برتری

راگ کپور 38 رنز جبکہ بابر حیات اور وقاص خان کوئی رن بنائے بغیر ہی آؤٹ ہوگئے۔

53 کے مجموعے پر ہانگ کانگ کی آدھی ٹیم پویلین لوٹ چکی تھی اور اس کے بعد بھی اس کی ایک کے بعد ایک وکٹ گرتی رہی۔

ہانگ کانگ کے نزاکت خان 25، احسان خان 17، تنویر افضل 21، احسان نواز صفر اور محمد حسن صفر پر آؤٹ ہوئے۔

ہانگ کانگ کے سب سے کامیاب بلے باز شاہد واصف تھے جنہوں نے 59 رنز کی اننگز کھیلی۔

ہانک کانگ کی پوری ٹیم 34 اوورز میں 141 رنز بنا کر ڈھیر ہوگئی۔

پاکستان کی جانب سے محمد الیاس نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے 5 وکٹیں لیں، خوشدل شاہ نے 2 جبکہ سمین گل، حسین طلعت اور محمد اصغر نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

عمدہ باؤلنگ پر محمد الیاس کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

تبصرے (0) بند ہیں