جنوبی افریقی باؤلرز کے ڈر سے ریٹائرمنٹ نہیں لی، حفیظ کی وضاحت

13 دسمبر 2018
نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں بدترین ناکامی کے بعد حفیظ نے کھیل کے سب سے بڑے فارمیٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا تھا— فائل فوٹو: اے ایف پی
نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں بدترین ناکامی کے بعد حفیظ نے کھیل کے سب سے بڑے فارمیٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا تھا— فائل فوٹو: اے ایف پی

نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کے اختتام پر ریٹائر ہونے والے تجربہ کار آل راؤنڈر محمد حفیظ نے کہا کہ وہ جنوبی افریقی فاسٹ باؤلرز سے نہیں ڈرتے اور نہ ہی اس وجہ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا۔

نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں بدترین ناکامی کے بعد حفیظ نے کھیل کے سب سے بڑے فارمیٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا تھا۔

جہاں حفیظ کے اس فیصلے کو درست قرار دیا گیا وہیں ماہرین کرکٹ اور شائقین کا ماننا تھا کہ جنوبی افریقی سیریز کو دیکھتے ہوئے حفیظ نے مہمان باؤلرز کے خود سے ٹیسٹ سے کنارہ کشی اختیار کی۔

تاہم حفیظ نے نجی ٹی وی سے گفتگو میں کہا کہ میں ٹیسٹ کرکٹ سے اس وجہ سے ریٹائر نہیں ہوا کیونکہ میں کارکردگی نہیں دکھا پا رہا تھا بلکہ میری ریٹائرمنٹ کی وجہ ذاتی نوعیت کی تھیں۔

’میں نے اپنے کیریئر میں کئی سنگ میل عبور کیے اور اب کوئی ایسا سنگ میل نہیں رہ گیا جس کے لیے میں کھیلنا جاری رکھوں۔ میں محدود اوورز کی کرکٹ پر توجہ دینا چاہتا ہوں‘۔

38سالہ کرکٹر نے کہا کہ لوگ سمجھتے ہیں کہ میں جنوبی افریقی کنڈیشنز اور ڈیل اسٹین و کگیسو ربادا کا سامنا کرنے سے ڈرتا ہوں لیکن ایسا نہیں۔ مجھے محدود اوورز کی کرکٹ میں ان باؤلرز کا سامنا کرنا ہے اور اس تاثر کا جواب اپنی کارکردگی سے دوں گا۔

حفیظ کا شمار پاکستان کرکٹ کے ان چند کرکٹرز سے ہوتا ہے جنہوں نے سلیکٹرز کی جانب سے ڈراپ کیے جانے کے بجائے خود سے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا۔

حفیظ نے اپنے ٹیسٹ کیریئر میں 10 سنچریوں کی مدد سے 3ہزار 652رنز بنائے لیکن جنوبی افریقی سرزمین پر ان کا ریکارڈ انتہائی مایوس رہا خصوصاً گزشتہ دورے میں انہیں بدترین ناکامی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

حفیظ کے لیے کیریئر میں ڈیل اسٹین ڈراؤنا خواب بنے رہے 7 میچوں میں 8.75 کی اوسط سے 8 بار حفیظ کو پویلین رخصت کیا۔

تبصرے (0) بند ہیں