سابق وومن کرکٹر شرمین خان کو سپردخاک کردیا گیا

اپ ڈیٹ 14 دسمبر 2018
شرمین خان— تصویر بشکریہ آئی سی سی
شرمین خان— تصویر بشکریہ آئی سی سی

لاہور: قومی ویمن ٹیم کی سابق کرکٹر شرمین خان کو سیکڑوں سوگواروں کی موجودگی میں سپرد خاک کردیا گیا۔

46 سالہ شرمین خان نے 2 ٹیسٹ اور 26 ایک روزہ میچوں میں پاکستانی ویمن ٹیم کی نمائندگی کی۔

شرمین کے اہل خانہ کے مطابق ان کا انتقال نمونیا کے باعث ہوا۔

مرحومہ شرمین خان اور ان کی بہن شائزہ خان نے پاکستان میں ویمن کرکٹ کے آغاز میں اہم کردار ادا کیا تھا۔

انہوں نے اپریل 1998 میں سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ ڈیبیو کیا اور پھر دو سال بعد اپنے کیریئر کا آخری ٹیسٹ میچ کھیلا۔

وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے پاکستان کی سابق وومن کرکٹر شرمین خان کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

وزیر اعلیٰ نے اپنے تعزیتی پیغام میں مرحومہ کی کرکٹ کے حوالے سے خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شرمین خان ایک باصلاحیت کھلاڑی تھیں اور مرحومہ نے ویمن کرکٹ کے لیے نمایاں خدمات سر انجام دیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ویمن کرکٹ کے فروغ کے لیے مرحومہ کی خدمات کو تا دیر یاد رکھا جائےگا۔

قومی ویمن کرکٹ ٹیم کی سابق کپتان ثنا میر، بسمہ معروف اور عائشہ اشعر نے سابق ویمن کرکٹر شرمین خان کے انتقال پر انتہائی رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے مرحومہ کے لیے مغفرت اور اہل خانہ کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں