والد کو پیار کا پتہ چلنے پرعالیہ بھٹ شرمسار

14 دسمبر 2018
مہیش بھٹ اپنی بیٹی کی محبت کا اعتراف کر چکےہیں—فوٹو: انڈیا ڈاٹ کام
مہیش بھٹ اپنی بیٹی کی محبت کا اعتراف کر چکےہیں—فوٹو: انڈیا ڈاٹ کام

بولی وڈ فلم ساز مہیش بھٹ نے 3 دن قبل کہا تھا کہ انہیں پتہ ہے کہ ان کی چھوٹی بیٹی عالیہ بھٹ ساتھی اداکار رنبیر کپور سے محبت کرتی ہیں۔

مہیش بھٹ نے خبر رساں ادارے کو انٹرویو کے دوران کہا تھا کہ ان سمیت دیگر افراد کو عالیہ بھٹ اور رنبیر کپور کے تعلقات کو سمجھنے کے لیے کسی خاص بات یا اشارے کی ضرورت نہیں۔

مہیش بھٹ نے کہا تھا کہ انہیں ذاتی طور پر رنبیر کپور بہت پسند ہے، وہ محنتی اور اچھا لڑکا ہے، تاہم وہ اس حوالے سے عالیہ بھٹ پر اپنی مرضی نہیں تھونپیں گے۔

مہیش بھٹ نے دعویٰ کیا تھا کہ عالیہ بھٹ اور رنبیر کپور ایک دوسرے سے گہری محبت کرتے ہیں، تاہم انہوں نے ان کی شادی کے حوالے سے کوئی بھی بات نہیں کی۔

رنبیر اور عالیہ آنے والی فلم براہمسٹرا کی شوٹنگ میں مصروف ہیں—فوٹو: انڈیا ٹوڈے
رنبیر اور عالیہ آنے والی فلم براہمسٹرا کی شوٹنگ میں مصروف ہیں—فوٹو: انڈیا ٹوڈے

فلم ساز کا کہنا تھا کہ وہ محبت کے حوالے سے اپنی بیٹی پر کوئی مرضی نہیں تھونپنا چاہیں گے، کیوں کہ جب وہ بھی جوان تھے اور انہوں نے بھی کسی سے محبت کی تھی تو وہ بھی یہ نہیں چاہتے تھے کہ کوئی انہیں اس حوالے سے مشورہ دے۔

یہ بھی پڑھیں: جانتا ہوں میری بیٹی رنبیر کپور سے محبت کرتی ہے، مہیش بھٹ

مہیش بھٹ نے یہ بات ایک ایسے وقت میں کی، جب بھارتی میڈیا میں عالیہ اور رنبیر کپور کی محبت کی چہ مگوئیاں جاری ہیں اور اطلاعات ہیں کہ وہ آئندہ برس تک شادی کے بندھن میں بندھ جائیں گے۔

دونوں کے درمیان گزشتہ ایک سال سے تعلقات کی خبریں گردش میں ہیں—فوٹو: دکن کیرونیکل
دونوں کے درمیان گزشتہ ایک سال سے تعلقات کی خبریں گردش میں ہیں—فوٹو: دکن کیرونیکل

اگرچہ دونوں نے اپنی محبت کے حوالے سے کھل کر بات نہیں کی، تاہم رنبیر کپور دبے الفاظ میں عالیہ بھٹ سے محبت کا اظہار کر چکے ہیں۔

دوسری جانب عالیہ بھٹ کو بھی متعدد بار رنبیر کپور کے گھر دیکھا گیا۔

اپنی محبت پر والد کی جانب سے کہی جانے والی بات کے حوالے سے جب صحافیوں نے عالیہ بھٹ سے سوال کیا تو وہ شرمسار ہوگئیں۔

ٹائمز آف انڈیا نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ عالیہ بھٹ نے اپنی آنے والی فلم ’کلنک‘ کی شوٹنگ کے بعد واپس ممبئی پہنچیں تو ان سے والد کی جانب سے ان کی محبت سے متعلق کہی جانے والی بات پر سوال کیا گیا۔

بیٹی پر مرضی نہیں تھوپ سکتا، مہیش بھٹ—فوٹو: فلم فیئر
بیٹی پر مرضی نہیں تھوپ سکتا، مہیش بھٹ—فوٹو: فلم فیئر

رپورٹ کے مطابق عالیہ بھٹ سے پوچھا گیا کہ وہ اپنی محبت سے متعلق والد کے تازہ بیان پر کیا کہیں گی؟َ جس پر اداکارہ نے مختصر جواب دیا۔

مزید پڑھیں: رنبیر نے عالیہ کے ساتھ اپنے تعلق کونئی محبت قرار دے دیا

اداکارہ نے شرمساری کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے والد کے بیان پر کوئی تبصرہ نہیں کریں گی، کیوں کہ وہ شرمندگی محسوس کر رہی ہیں۔

تاہم عالیہ بھٹ نے اپنے والد کی تعریف کرتے ہوئے انہیں ایک بہترین اور کھلے دل کا مالک قرار دیا۔

والد کے بیان پر بات نہیں کر سکتی، عالیہ بھٹ —فوٹو: ہندوستان ٹائمز
والد کے بیان پر بات نہیں کر سکتی، عالیہ بھٹ —فوٹو: ہندوستان ٹائمز

تبصرے (0) بند ہیں