جاپان کے شمالی حصے میں ایک ریسٹورنٹ کے اندر دھماکا ہونے سے خواتین سمیت 42 افراد شدید زخمی ہوگئے۔

غیر ملکی خبررساں ادارے اے پی کے مطابق پولیس کے بتایا دھماکا سپارو نامی شہر کے ریسٹورنٹ میں ہوا اور دھماکا اس قدر زور دار تھا کہ اطراف کی عمارتیں لرز اٹھیں۔

یہ بھی پڑھیں: جاپان میں شدید گرمی کی لہر

اس حوالےسے بتایا گیا کہ ’پولیس نے 42 افراد کے زخمی ہونے کی تصدیق کردی جس میں سے نصف افراد کی حالت نازک بتائی گئی ہے‘۔

پولیس نے بتایا کہ دھماکے کی اصل وجہ جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں تاہم حکام کی جانب سے مزید معلومات فراہم نہیں کی گئی۔

دوسری جانب جاپان کے مقامی ٹی وی پر نشر ہونی والی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ دھماکے کے بعد ریسٹورنٹ میں آگ لگ گئی اور اس کا ملبہ دور تک بکھر گیا۔

واضح رہے کہ تین ماہ قبل جاپان میں شدید طوفان نے تباہی مچادی تھی، ستمبر میں جاپان میں 25 سال کے عرصے میں آنے والے سب سے شدید طوفان کے باعث 9 افراد ہلاک اور 300 سے زائد زخمی ہوگئے تھے جبکہ طوفان سے ملک کا جنوبی حصہ بری طرح متاثر ہوا۔

مزیدپڑھیں: جاپان میں طوفانی بارشوں نے تباہی مچادی

انتہائی تیز ہواؤں کے جھکڑ چلنے سے گھروں کی چھتیں اڑ گئیں، سڑکوں پر موجود گاڑیاں الٹ گئیں، اس کے ساتھ اوساکا بے میں کنسائی انٹرنیشنل ایئرپورٹ جانے والے پل سے سمندر میں لنگر انداز ایک بحری جہاز جا ٹکرایا۔

جہاز ٹکرانے سے پل کو خاصہ نقصان پہنچا جس کے نتیجے میں ایئرپورٹ اور دیگر شہر کا زمینی رابطہ منقطع ہوگیا اور 3 ہزار کے قریب لوگ پھنس گئے۔

واضح رہے کہ رواں برس جولائی میں بھی جاپان میں ریکارڈ توڑ طوفانی بارشوں نے مختلف علاقوں میں تباہی مچائی تھی جس کے نتیجے میں تقریباً 30 افراد ہلاک ہوئے جبکہ متعلقہ حکام کا کہنا تھا کہ 20 لاکھ افراد نقل مکانی کرنے پر مجبور ہوئے۔

جاپان کے مغربی علاقے طوفانی بارشوں سے شدید متاثر ہوئے جہاں سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث ہلاکتیں سب سے زیادہ ہوئیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں