حکومت کا آصف علی زرداری کے خلاف ریفرنس دائر کرنے کا فیصلہ

اپ ڈیٹ 19 دسمبر 2018
وفاقی وزیرِ اطلاعت فواد چوہدری — فائل فوٹو
وفاقی وزیرِ اطلاعت فواد چوہدری — فائل فوٹو

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت نے سابق صدرِ مملکت اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کے خلاف الیکشن کمیشن پاکستان (ای سی پی) میں ان کی نااہلی سے متعلق ریفرنس دائر کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

اس بات کا انکشاف وزیرِ اطلاعات فواد چوہدری نے وفاقی دارالحکومت میں میڈیا نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کیا۔

سابق صدر مملکت آصف علی زداری سے متعلق انہوں نے بتایا کہ پی پی پی کے شریک چیئرمین کے امریکا میں اپارٹمنٹ ہیں جو انہوں نے اپنے اثاثوں میں ظاہر نہیں کیے۔

مزید پرھیں: ’آصف زرداری کو اپنی سیاست کے آخری دنوں پر توجہ دینی چاہیے‘

ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے الیکشن کمیشن میں آصف علی زرداری کی نااہلی کے خلاف ریفرنس دائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

خیال رہے کہ پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین راوں برس 25 جولائی کو ہونے والے عام انتخابات میں قومی اسمبلی کی نشست این اے 213 نواب شاہ سے کامیاب ہوکر رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔

وفاقی وزیرِ اطلاعات کا کہنا تھا کہ نواز شریف اور آصف علی زرداری کا ملکی سیاست میں کوئی مستقبل دکھائی نہیں دیتا۔

یہ بھی پڑھیں: نواز، زرداری کشمکش میں ہیں کہ آخری عمر گھر میں گزاریں یا جیل میں‘

انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری نے الیکشن کمیشن میں جمع کروائی گئی اثاثوں کی تفصیلات میں امریکا میں موجود اثاثوں کو ظاہر نہیں کیا اور اس وجہ سے قومی اسمبلی کے رکن ہونے کے اہل نہیں رہے۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ آئین کا آرٹیکل 62 اور 63 تمام انتخابی امیدواروں پر یہ ذمے داری عائد کرتا ہے کہ وہ اپنے اثاثوں کو ظاہر کریں۔

فواد چوہدری نے کہا کہ کرپشن کی تحقیقات آزادانہ طریقے سے آگے بڑھ رہی ہیں، حکومت کو کوئی سیاسی چیلنج بھی درپیش نہیں ہے۔

انہوں نے فیصل واوڈا کی لندن میں جائیداد سے متعلق مسلم لیگ (ن) کے رہنما عابد شیر علی کے حالیہ بیانات پر سوال کے جواب میں کہا کہ فیصل واوڈا کی جو لندن میں جائیداد ہے وہ اُن کی جانب سے ڈیکلئیرڈ کی جاچکی ہے، اصل مسئلہ بے نامی جائیدادوں کا ہے۔

وزیر اطلاعات نے دعویٰ کیا کہ ملکی معیشت پر چھائے بادل چھٹ رہے ہیں،بیرونی سرمایہ کاری ہو رہی ہے۔

انہوں نےمزید کہا کہ مغربی ممالک پاکستان کے لیے سفری شرائط آسان کر رہے ہیں اور عوام کو آنے والے دنوں میں مزید خوشخبریاں ملیں گی۔

تبصرے (0) بند ہیں