کوئٹہ: جمعیت علماء اسلام (ف) کے سیکریٹری جنرل مولانا عبدالغفور حیدری کا کہنا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت اپنے پہلے 100 دن میں کارکردگی دکھانے میں ناکام ہوگئی ہے اور ریلیف دینے کے بجائے عوام کو صرف مہنگائی اور بے روزگاری دی ہے۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ غلط پالیسیز اپنانے سے حکومت نے مالی بحران پیدا کردیا ہے۔

مزید پڑھیں: بجلی، گیس، پیٹرول مہنگا ہونے کی دھاڑ آپ کی حکومت گرا دے گی، بلاول

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف نے اقتدار میں آتے ہی گیس اور بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کیا جس کا اثر عام عوام پر پڑا۔

ان کا کہنا تھا کہ روپے کی قدر تیزی سے نیچے گررہی ہے جبکہ ملک کے بیرونی قرضے چند دنوں میں اربوں روپے مزید بڑھ گئے ہیں۔

اس موقع پر پختونخوا ملی عوامی پارٹی کے سینیٹر عثمان کاکڑ، بلوچستان اسمبلی میں قائد حزب اختلاف ملک سکندر خان، بلوچستان نیشنل پارٹی-مینگل کے نائب صدر ملک ولی کاکڑ اور دیگر جماعتوں کے رہنما بھی موجود تھے۔

مولانا حیدری کا کہنا تھا کہ حکمراں جماعت نے 50 لاکھ گھر بنانے کا وعدہ کیا تھا جبکہ انہوں نے غریب عوام کے گھر توڑے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: 'اگر میرا مشورہ مان لیا جاتا تو آج مسلم لیگ(ن) کی حکومت ہوتی'

ان کا کہنا تھا کہ کوئی بھی جماعت احتساب کے خلاف نہیں لیکن ایک جماعت یا ایک خاندان کے احتساب کے خلاف ہے، تحریک انصاف کی حکومت ایک سیاسی جماعت اور خاندان کو نشانہ بنارہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سیاسی انتقام قابل قبول نہیں، موجودہ صورتحال جو تحریک انصاف کی حکومت نے بنائی ہے، اپوزیشن جماعتیں پارلیمنٹ میں ان ہاؤس تبدیلیاں لا سکتی ہیں۔


یہ خبر ڈان اخبار میں 31 دسمبر 2018 کو شائع ہوئی

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں