’ایکسیڈنٹل پرائم منسٹر‘ بننے پر انوپم کھیر کے خلاف مقدمہ درج

اپ ڈیٹ 03 جنوری 2019
فلم 11 جنوری کو ریلیز ہوگی —فوٹو/ اسکرین شاٹ
فلم 11 جنوری کو ریلیز ہوگی —فوٹو/ اسکرین شاٹ

بولی وڈ معروف اداکار انوپم کھیر اپنی آنے والی فلم ’دی ایکسیڈنٹل پرائم منسٹر‘ میں سابق بھارتی وزیر اعظم من موہن سنگھ کا کردار نبھاتے نظر آئیں گے، جن کی فلم ریلیز سے قبل ہی تنازعات کا شکار ہوچکی ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق انوپم کھیر پر من موہن سنگھ کی شخصیت کو ’غلط انداز‘ میں پیش کرنے پر مقدمہ دائر کردیا گیا ہے۔

جبکہ فلم میں انوپم کھیر کے ساتھی اداکار اکشے کھنہ پر بھی من موہن سنگھ کے میڈیا مشیر سنجایا بارو کے کردار کو غلط انداز میں پیش کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں: من موہن سنگھ ’ایکسیڈنٹل پرائم منسٹر‘اور سونیا گاندھی

یہ مقدمہ وکیل سدھیر کمار اوجھا نے بہار کی عدالت میں درج کروایا، جس کی پہلی سماعت رواں ماہ 8 جنوری کو ہوگی۔

اپنی دائر کردہ درخواست میں سدھیر اوجھا نے لکھا کہ اس فلم میں من موہن سنگھ کے کردار نے انہیں اور کئی اور لوگوں کو تکلیف پہنچائی ہے۔

اپنی شکایت میں انہوں نے مزید کہا کہ فلم کے دیگر اداکار جنہوں نے سونیا گاندھی، راہول گاندھی اور پریانکا گاندھی وادرا کی شخصیات کو بھی نقصان پہنچایا گیا ہے اور انہوں نے فلم کے ہدایت کار اور پروڈیوسر کے خلاف بھی شکایت درج کروادی ہے۔

یاد رہے کہ فلم کا ٹریلر گزشتہ ہفتے ریلیز ہوا۔

یہ بھی پڑھیں: فلم کے ٹریلر سے بھارتی سیاست میں ہلچل

فلم کے جاری کیے گئے تین منٹ سے کم دورانیے کے ٹریلر کو دیکھ کر اندازہ ہوتا ہے کہ فلم کی کہانی صرف من موہن سنگھ کے وزارت عظمیٰ کے دور پر مبنی ہوگی۔

ٹریلر میں جہاں انوپم کھیر کو دکھایا گیا ہے، وہیں اکشے کھنا کو بھی وزیر اعظم ہاؤس کے اہم کھلاڑی کے طور پر بھی دکھایا گیا ہے۔

ٹریلر میں پریانکا گاندھی اور راہول گاندھی سمیت ان کی والدہ اور کانگریس کی سابق صدر سونیا گاندھی کو بھی دکھایا گیا۔

فلم کے ٹریلر کو چند ہی گھنٹوں بعد یوٹیوب سے ہٹا بھی دیا گیا تھا، جس پر انوپم کھیر نے اپنی مایوسی کا اظہار کیا تھا، تاہم بعدازاں ٹریلر یوٹیوب پر واپس شیئر کردیا گیا۔

فلم ’دی ایکسیڈنٹل پرائم منسٹر‘ رواں ماہ 11 جنوری کو سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔

تبصرے (0) بند ہیں