انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے جنوبی افریقہ کے کپتان فاف ڈیوپلیسی کو دوسری مرتبہ سلو اوور ریٹ پر اگلے ایک ٹیسٹ میچ کے لیے معطل کردیا اور میچ فیس کا 20 فیصد جرمانہ بھی عائد کر دیا۔

آئی سی سی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پاکستان کے خلاف 9 وکٹوں سے جیتنے والے ٹیسٹ میں سلو اوور ریٹ برقرار رکھنے کی پاداش میں کپتان فاف ڈیوپلیسی کو ایک میچ کے لیے معطل اور میچ فیس کا 20 فیصد اور دیگر کھلاڑیوں پر میچ فیس کا 10 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔

آئی سی سی کے ایمریٹس ایلیٹ پینل میچ ریفری ڈیوڈ بون نے فاف ڈیوپلیسی کو میچ میں مقررہ وقت میں ایک اوور کم کرنے پر جنوبی افریقہ کے کپتان اور کھلاڑیوں پر جرمانہ کیا۔

ڈیوپلیسی کے خلاف شکایت ٹیسٹ میچ کے دونوں امپائر بروس آکسینفرڈ اور جوئیل وولسن اور تھرڈ امپائر سندارام روی نے کی تھی۔

خیال رہے کہ آئی سی سی کے قواعد و ضوابط کی شق 2.22.1 کے تحت اوورز کی سست رفتار کی مرتکب ٹیم اور اس کے کپتان کو جرمانہ کیا جاتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:جنوبی افریقہ میں سیزیز جیتنے کا خواب چکنا چور، پاکستان کو 9 وکٹوں سے شکست

فاف ڈیوپلیسی اس سے قبل 17 جنوری 2018 کو بھارت کے خلاف سنچورین ٹیسٹ میں سلواوور ریٹ کے مرتکب قرار پائے تھے جس کے بعد 12 ماہ کے اختتام سے قبل وہ ایک مرتبہ پھر اس کے مرتکب ہوئے۔

جنوبی افریقہ کی ٹیم اس وقت پاکستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز کھیل رہی ہے جس میں وہ ابتدائی دونوں میچوں میں جیت کے بعد فیصلہ کن برتری حاصل کیے ہوئے ہیں تاہم 11 جنوری کو ہونے والے ٹیسٹ میچ میں فاف ڈیوپلیسی ٹیم کا حصہ نہیں ہوں گے۔

یاد رہے کہ جنوبی افریقہ نے کیپ ٹاؤن میں کھیلے گئےدوسرے ٹیسٹ میں پاکستان کو 9 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز اپنے نام کرلی جبکہ سنچورین میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میں 6 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی۔

تبصرے (0) بند ہیں