دنیا کے امیر ترین جوڑے کی طلاق

09 جنوری 2019
جیف بیزوز اور ان کی اہلیہ شادی کے 25 سال بعد ایک دوسرے سے الگ ہورہے ہیں — اے ایف پی فوٹو
جیف بیزوز اور ان کی اہلیہ شادی کے 25 سال بعد ایک دوسرے سے الگ ہورہے ہیں — اے ایف پی فوٹو

دنیا کا امیر ترین جوڑا ایک دوسرے سے الگ ہورہا ہے۔

جی ہاں دنیا کے امیر ترین شخص اور ایمازون کے بانی جیف بیزوز اور ان کی اہلیہ میکنزی شادی کے 25 سال بعد ایک دوسرے سے الگ ہورہے ہیں۔

ایمازون کے بانی کے ٹوئٹر پر اکاﺅنٹ پر اس جوڑے نے مشترکہ بیان جاری کیا۔

مزید پڑھیں : ایمازون کے بانی دنیا کے امیر ترین شخص بن گئے

بیان میں بتایا گیا ' طویل عرصے تک الگ رہنے کے بعد ہم نے طلاق کا فیصلہ کیا ہے، مگر بطور دوست اپنی زندگیوں کو شیئر کرتے رہیں گے'۔

بیان کے مطابق 'ہم بہت زیادہ خوش قسمت ہیں جو ایک دوسرے کو تلاش کرنے میں کامیاب رہے، اگر ہمیں معلوم ہو کہ ہم 25 سال بعد الگ ہوجائیں گے تو ہم دوبارہ ایسا کرتے'۔

54 سالہ جیف بیزوز اور 48 سالہ میکنزی کی ملاقات نیویارک کی ایک کمپنی میں کام کرتے ہوئے ہوئی تھی اور انہوں نے شادی کا فیصلہ کرلیا تھا۔

اس کے فوری بعد وہ نیویارک سے سیٹیل منتقل ہوگئے جہاں جیف بیزوز نے اپنی کمپنی ایمازون کا آغاز کیا۔

یہ بھی پڑھیں : معمولی ملازمت سے دنیا کا دوسرا امیر ترین شخص بننے کا سفر

جیف بیزوز اس وقت دنیا کے امیر ترین شخص ہیں جن کے اثاثوں کی مالیت بلومبرگ بلین ایئر انڈیکس کے مطابق 137 ارب ڈالرز ہے، تو یہ طلاق دنیا کی مہنگی ترین طلاق بھی ثابت ہوسکتی ہے۔

میکنزی نے متعدد ناول تحریر کیے۔

گزشتہ سال اس جوڑے نے 2 ارب ڈالرز کے فنڈ کے قیام کا اعلان کیا تھا جس کا مقصد بے گھر خاندانوں کی مدد کرنا جبکہ کم آمدنی والے طبقے کے بچوں کی تعلیم کے لیے ایک نیٹ ورک تشکیل دینا تھا۔

ان دونوں کے 4 بچے ہیں۔

خیال رہے کہ جیف بیزوز بنیادی طور پر متوسط طبقے سے تعلق رکھنے والے فرد ہیں جنھوں نے عملی زندگی کا آغاز بھی ایک معمولی ملازمت سے کیا تھا، مگر بہت جلد ترقی کی اور پھر اپنے آن لائن کاروبار کی بنیاد رکھی۔

1994 میں قائم کی جانے والی کمپنی آمیزون اس وقت امریکا سمیت متعدد ممالک میں آن لائن ریٹیل خریداری میں آگے ہے تاہم اسے اصل میں انٹرنیٹ بک اسٹور کے طور پر متعارف کرایا گیا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں