’وفاقی دارالحکومت میں صرف 5 فیصد طالب علم منشیات استعمال کرتے ہیں‘

اپ ڈیٹ 10 جنوری 2019
ڈی جی اے این ایف میجر جنرل عارف ملک اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کر رہے ہیں — فوٹو: ڈان اخبار
ڈی جی اے این ایف میجر جنرل عارف ملک اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کر رہے ہیں — فوٹو: ڈان اخبار

ڈائریکٹر جنرل اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی کے وفاقی دارالحکومت میں طالب علموں کی بڑی تعداد کے منشیات کے استعمال کے دعوے کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اصل اعداد و شمار میں یہ تعداد 4 یا 5 فیصد ہے۔

میڈیا سے بات کرتے ہوئے ایک سوال کے جواب میں میجر جنرل محمد عارف ملک کا کہنا تھا کہ اے این ایف طالب علموں میں منشیات کے استعمال پر سروے کیا تاکہ اصل اعداد و شمار کا پتہ لگایا جاسکے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ سروے کو چند دنوں میں مکمل کرلیا جائے گا۔

مزید پڑھیں: ’جو بھی منشیات کے ساتھ پکڑا گیا اس کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی ہوگی‘

انہوں نے صحافیوں کو بتایا کہ اے این ایف نے طالب علموں کو منشیات فروخت کرنے والوں کی سزا کو دگنا کرنے کی پیش کش کی ہے اور اس معاملے میں اساتذہ اور والدین کو بھی شامل کیا ہے تاکہ تعلیمی اداروں میں منشیات سے پاک ماحول قائم کیا جاسکے۔

ان کا کہنا تھا کہ اسکول کے اسٹاف اور نوجوان سفیروں کو بھی اس کام کے لیے تعینات کیا گیا ہے جبکہ منشیات کے حوالے سے آگاہی کو نصاب میں شامل کرنے کے لیے بھی اقدامات کیے جارہے ہیں۔

انہوں نے منشیات سے کمائی ہوئی رقم کی دہشت گردی یا دہشت گردوں کی جانب سے استعمال کیے جانے کی تردید کی تاہم ان کا کہنا تھا کہ ’ریاست مخالف عناصر منشیات کی رقم کو استعمال کر رہے ہیں اور اس سے مدد حاصل کر رہے ہیں‘۔

یہ بھی پڑھیں: منشیات کی رقم انتخابات میں استعمال ہوئی، سینیٹرز کا الزام

منشیات فروشوں اور اسمگلروں کی سزا کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ اے این ایف کی سزاؤں کی شرح 95 فیصد ہے اور اے این ایف ایکٹ کے سیکشن 9 سی کے تحت لوگوں کو عمر قید کی سزا دی جاتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سیکشن 9 سی کے تحت گرفتار افراد کے لیے سزائے موت نہیں دی جاتی تاہم اس حوالے سے حکومت سے بات چیت جاری ہے۔

مصنوعی منشیات کے حوالے سے سوال پر ان کا کہنا تھا کہ اسے روکنے کے لیے کام کیا جارہا ہے اور کوریئر کمپنیوں سے ہماری اس کے بارے میں متعدد مرتبہ ملاقاتیں ہوچکی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ مصنوعی منشیات پارسل یا کوریئر کے ذریعے اسمگل کرنا آسان ہے۔

بریفنگ کے دوران ان کا کہنا تھا کہ اے این ایف نے منشیات کی نوجوان نسل اور تعلیمی اداروں میں سپلائی کے خلاف زیرو ٹولیرنس پالیسی اپنا رکھی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس معاملے میں اب تک 137 کیسز رجسٹر کیے گئے ہیں جبکہ 163 افراد گرفتار ہوئے اور 2 ہزار 518 کلو منشیات بھی قبضے میں لی گئیں۔


یہ خبر ڈان اخبار میں 10 جنوری 2019 کو شائع ہوئی

تبصرے (0) بند ہیں