غیرقانونی اثاثہ جات کیس: سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد چیمہ پر فردِ جرم عائد

اپ ڈیٹ 17 جنوری 2019
احد چیمہ کو نیب نے آشیانہ ہاؤسنگ سوسائٹی اسکینڈل میں گرفتار کیا تھا—فائل فوٹو
احد چیمہ کو نیب نے آشیانہ ہاؤسنگ سوسائٹی اسکینڈل میں گرفتار کیا تھا—فائل فوٹو

لاہور کی احتساب عدالت میں ناجائز اثاثہ جات کیس میں لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایل ڈی اے) کے سابق ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) احد چیمہ پر فرد جرم عائد کر دی گئی۔

احتساب عدالت کے جج نجم الحسن نے احد چیمہ کے خلاف بدعنوانی کے ریفرنس کی سماعت کی جس میں احد چیمہ کے جوڈیشل ریمانڈ میں 14 روز کی توسیع بھی کی گئی۔

دوران سماعت قومی احتساب بیورو (نیب) کے وکیل نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ احد چیمہ نے اندرون اور بیرون ملک اربوں روپے کے ناجائز اثاثہ جات بنائے جبکہ خود احد چیمہ کے اثاثہ جات کی کل مارکیٹ ویلیو 60 کروڑ روپے کے قریب ہے۔

یہ بھی پڑھیں: آمدن سے زائد اثاثے: احد چیمہ کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد

نیب وکیل نے عدالت کو بتایا کہ احد چیمہ نے اپنے خاندان کے افراد کے نام پر بے نامی جائیدادیں بنائیں، جس میں اہلیہ صائمہ احد، والدہ نصرت افزا، بھائی احمد سعود اور بہن سعدیہ منصور شامل ہیں، جن کی نام پر جائیدادیں موجود ہیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ برس 21 فروری کو نیب نے آشیانہ اقبال ہاؤسنگ سوسائٹی اسکینڈل میں مبینہ طور پر ملوث ہونے پر ایل ڈی اے کے سابق سربراہ احد خان چیمہ کو پوچھ گچھ کے لیے گرفتار کیا تھا، جس کے بعد مسلم لیگ (ن) میں ہل چل مچ گئی تھی۔

احد چیمہ قائد اعظم تھرمل پاور لیمٹڈ کے سربراہ بھی تھے اور لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے سابق ڈائریکٹر جنرل پر تعینات رہے، ان کی گرفتاری کے اگلے ہی روز انہیں 19 سے 20 گریڈ پر ترقی دی گئی تھی۔

مزید پڑھیں: شوروم سے احد چیمہ کی ’پوشیدہ لگژری کار اور 1 کروڑ 45 لاکھ روپے‘ برآمد

کہا یہ جاتا تھا کہ احد چیمہ سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے ‘منظور نظر’ افراد میں شامل تھے جو خود بھی اب نیب کی تحویل میں ہیں۔

دوران تحقیقات نیب نے احد چیمہ کے قبضے میں کروڑوں مالیت کی 90 کنال اراضی کا ریکارڈ برآمد کیا تھا، جو احد چیمہ نے غیر قانونی ذرائع سے بنائی تھی اور ساتھ ہی نیب نے ان کے اہل خانہ کے اثاثہ جات کی چھان بین بھی کی۔

بعد ازاں تفتیشی افسر حافظ عثمان نے انکشاف کیا تھا کہ ملزم احد چیمہ کی اہلیہ صائمہ احد کے نام 7 کروڑ روپے مالیت کی 21 کینال اور 4 مرلہ کی زمین پیراگون میں خریدی گئی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: لاہور: فیروز پور ہاؤسنگ اسکیم میں احد چیمہ کے ‘شیئرز’ کا انکشاف

نیب حکام نے مزید بتایا تھا کہ ‘احد چیمہ کے لاہور سوسائٹی میں بھی 40 کروڑ روپے کے شیئرز ہیں’ جبکہ آشیانہ ہاوسنگ اسکیم اسکینڈل کی تحقیقات کے دوران ایک شوروم پر بھی چھاپہ مارا گیا اور 1 کروڑ 10 لاکھ روپے مالیت کی پراڈو قبضے میں لینے کے ساتھ 1کروڑ 45 لاکھ روپے نقد رقم بھی برآمد کی گئی تھی، جو احد چیمہ نے مبینہ طور پر چُھپا رکھی تھی۔

دوسری جانب ایک سماعت میں تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا تھا کہ احد چیمہ کے اثاثوں کی مالیت کروڑوں روپے تھی جبکہ احد چیمہ کے بھائی کے نام پر موجود اکاؤنٹ میں 2 لاکھ ڈالر کی ٹرانزیکشن بھی ہوئی۔

جس پر احد چیمہ کے وکیل نے کہا تھا کہ ان کے موکل کے تمام اثاثہ جات اعلان کردہ ہیں اور محکمے کے ریکارڈ میں بھی موجود ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (1) بند ہیں

Arshad Jan 17, 2019 05:05pm
Ahad Cheema should be made an example for new officers. It is unbelievable when you look at his assets compared to his age and family background.