سرینا اور جوکووچ آسٹریلین اوپن کے کوارٹر فائنل میں

اپ ڈیٹ 22 جنوری 2019
عالمی نمبر ایک سیمونا ہیلپ میچ جیتنے پر سرینا ولیمز کو مبارکباد دے رہی ہیں— فوٹو: اے پی
عالمی نمبر ایک سیمونا ہیلپ میچ جیتنے پر سرینا ولیمز کو مبارکباد دے رہی ہیں— فوٹو: اے پی

میلبرن: عالمی شہرت یافتہ امریکی ٹینس اسٹار سرینا ولیمز نے عالمی نمبر ایک سیمونا ہیلپ کو آسٹریلین اوپن کے پری کوارٹر فائنل میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد شکست دے کر ٹائٹل کی دوڑ سے باہر کردیا۔

میلبرن میں جاری سال کے پہلے گرینڈ سلیم اوپن میں پیر کو کھیلے گئے ویمنز سنگلز پری کوارٹر فائنلز میں شہرہ آفاق امریکن اسٹار اور 23 مرتبہ کی گرینڈ سلام چیمپئن سرینا ولیمز نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے رومانوی کھلاڑی سیمونا ہیلپ کو شکست سے دوچار کیا۔

سرینا نے پہلے سیٹ میں باآسانی 1-6 سے کامیابی حاصل کی لیکن سیمونا ہیلپ نے شاندار انداز میں میچ میں واپسی کرتے ہوئے دوسرا سیت 6-4 سے اپنے نام کر لیا۔

میچ کے تیسرے سیٹ میں سنسنی خیز مقابلہ دیکھنے کو ملا اور سرینا ولیمز نے 4-6 سے سیٹ جیت کر کوارٹر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔

جمہوریہ چیک کی کیرولینا پلسکووا بھی پری کوارٹر فائنل مرحلہ عبور کرنے میں کامیاب رہیں، انہوں نے اسپینش کھلاڑی گربین مگروزا کو شکست فاش سے دوچار کیا۔

جاپانی کھلاری ناؤمی اوساکا نے سیواستووا کو شکست دے کر ایونٹ سے باہر کر دیا جبکہ یوکرین کی سویتلانا کزنٹوسووا نے امریکا کی میڈیسن کیز کو مات دے کر کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی۔

مردوں کے مقابلے میں عالمی نمبر ایک نوواک جوکووچ نے انجری کے باوجود کامیابی کا سلسلہ برقرار رکھتے ہوئے ڈینیئل میڈویڈو کو مات دے کر کوارٹر فائنل تک رسائی حاصل کر لی۔

پہلے سیٹ میں جوکووچ نے 4-6 سے سیٹ جیت کر برتری حاصل کی لیکن دوسرے سیٹ میں 15ویں سیڈ نوجوان میڈویڈو نے بہترین کھیل پیش کرتے ہوئے 7-6 سے سیٹ جیت کر مقابلہ 1-1 سیٹ سے برابر کردیا۔

تاہم میچ کے تیسرے سیٹ میں سربیا کے عالمی نمبر ایک ٹینس اسٹار نے اپنے تجربے کو بروئے کار لاتے ہوئے 2-6 سے سیٹ اپنے نام کیا۔

چوتھے سیٹ میں بھی جوکووچ نے عمدہ کھیل کا سلسلہ جاری رکھا لیکن اس دوران انہیں کمر کی تکلیف لاحق ہوئی، تاہم انہوں نے اس تکلیف کے باوجود سیٹ 3-6 سے جیت کر میچ میں کامیابی کے ساتھ کوارٹر فائنل میں پہنچنے کا اعزاز بھی حاصل کر لیا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں