ملائیشین کمپنی کا پاکستان میں 25 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کا امکان

اپ ڈیٹ 02 فروری 2019
ای ڈوٹ کو گروپ ٹیلی کمیونکیشن سیکٹر میں ٹاور انفرااسٹرکچر میں اپنی سرمایہ کاری مزید بڑھانے کا ارادہ رکھتا ہے—فوٹو: وزیر اعظم انسٹاگرام
ای ڈوٹ کو گروپ ٹیلی کمیونکیشن سیکٹر میں ٹاور انفرااسٹرکچر میں اپنی سرمایہ کاری مزید بڑھانے کا ارادہ رکھتا ہے—فوٹو: وزیر اعظم انسٹاگرام

اسلام آباد: ملائیشیا سے تعلق رکھنے والی ایک کمپنی نے وعدہ کیا ہے کہ وہ آئندہ 5 برس کے درمیان پاکستان میں ٹیلی کمیونکیشن سیکٹر میں 25 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گی۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق ملائیشیا کی ای ڈوٹ کو گروپ کے چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹرز داتوک عزت کمال الدین نے اس عزم کا اظہار وفد کے ہمراہ وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کے دوران کیا۔

ملاقات کے دوران بورڈ ممبر نک راملا نک محمود، سی ای او سریش نارائن سنگھ سدھو، کنٹری ایم ڈی عارف حسین اور ملائیشیا کے ہائی کمشنر اکرام محمد ابراہیم بھی موجود تھے۔

وزیراعظم ہاؤس کے میڈیا سیل کے مطابق داتوک عزت کمال الدین نے وزیر اعظم عمران خان کو کہا کہ پاکستان میں 10 کروڑ ڈالر کی موجودہ سرمایہ کاری کے ساتھ ای ڈوٹ کو گروپ ٹیلی کمیونکیشن سیکٹر میں ٹاور انفرااسٹرکچر میں اپنی سرمایہ کاری مزید بڑھانے کا ارادہ رکھتا ہے۔

مزید پڑھیں: پاکستان میں سرمایہ کاری کو مکمل محفوظ بنایا جائے گا، وزیر اعظم

انہوں نے کہا کہ گروپ کا منصوبہ ہے کہ وہ آئندہ 5 برس میں 25 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کرے‘۔

ای ڈوٹ کو گروپ کے سربراہ کی جانب سے وزیر اعظم عمران خان کے وژن اور ان کی حکومت کی جانب سے اپنائی جانے والی پالیسیوں کی تعریف کی، جس سے سرمایہ کاروں کے اعتماد میں بحالی ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ای ڈوٹ کو گروپ ڈیجیٹل پاکستان پروگرام میں شراکت دار بننے کا خواہش مند ہے۔

علاوہ ازیں وزیر اعظم نے وفد کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں اپنے کاروبار کو بڑھانے میں گروپ کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

انہوں نے کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنے اور ملک میں سرمایہ کار دوست ماحول کی فراہمی یقینی بنانے میں حکومت کی جانب سے اٹھائے گئے مختلف اقدامات پر روشنی ڈالی۔

بعد ازاں چائنا مشینری انجینئرنگ کارپوریشن کے چیئرمین، بورڈ آف ڈائریکٹرز ژانگ چن اور ہوان ڈی۔آر گروپ کے سربراہ ہوانگ ڈیوآن نے وزیر اعظم عمران خان سے علیحدہ ملاقات کی۔

اس موقع پر ژانگ چن نے وزیر اعظم کو ان کی کمپنی کی جانب سے ماضی میں پاکستان میں خاص طور پر شعبہ توانائی میں کیے گئے مخلتف اہم منصوبوں پر بریفنگ دی۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں بھاری سرمایہ کاری میں دلچسپی ہے، سعودی ولی عہد

ژانگ چن نے جھنگ میں جلد ہی مکمل ہونے والے 1263 میگاواٹ کے پاور پلانٹ پر جاری کام کی رفتار سے متعلق بھی آگاہ کیا۔

ملاقات میں ژانگ چن اور ہوانگ ڈیوآن نے نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام اور زراعت کے شعبے میں سرمایہ کاری کرنے میں اپنی دلچسپی کا اظہار بھی کیا۔

دوسری جانب وفاقی حکومت نے زراعت کے شعبے کی بحالی اور فصلوں کی بہتر پیداوار کے مقصد کے لیے صوبوں سے تجاویز دینے کا کہا ہے۔

وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت زراعت اور خوراک کی پیداوار سے متعلق اجلاس میں ان تجاویز کی پیش کش کی گئی تھی۔

انہوں نے صوبائی حکومتوں پر زور دیا کہ وہ ملک میں زراعت کی پیداوار کو فروغٖ دینے کے لیے ایک ہفتے میں اپنے مسائل پر مبنی تجاویز بھیجیں۔

تبصرے (0) بند ہیں