کراچی میں 46 ممالک کی افواج پر مشتمل بحری مشقوں کا آغاز

08 فروری 2019
پاک بحریہ کے جوانوں نے مارچ پاسٹ کا مظاہرہ کیا اور 46 ممالک کے پرچم لہرائے گئے—فوٹو اسکرین گریب
پاک بحریہ کے جوانوں نے مارچ پاسٹ کا مظاہرہ کیا اور 46 ممالک کے پرچم لہرائے گئے—فوٹو اسکرین گریب

کراچی میں 5 روزہ کثیرالملکی بحری مشقوں ’امن-2019‘ کا آغاز ہوگیا جس میں 46 ممالک حصہ لے رہے ہیں۔

پاک بحریہ کے کمانڈر پاکستان فلیٹ وائس ایڈمرل امجد خان نیازی افتتاحی تقریب کے مہمانِ خصوصی تھے۔

اس دوران پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی کا پیغام بھی پڑھ کر سنایا گیا جس میں انہوں نے مشقوں میں حصہ لینے والے تمام ممالک کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ جدید دور کا تقاضا یہ ہے کہ مل کر مقابلے کیے جائیں۔

اس موقع پر پاک بحریہ کے جوانوں نے مارچ پاسٹ کا مظاہرہ کیا جس میں 46 ممالک کے پرچم لہرائے گئے۔

یہ بھی پڑھیں: پاک بحریہ کی امن مشق 2019 کا جمعہ سے آغاز

ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس ایڈمرل امجد خان نیازی نے کہا کہ ’امن مشق‘ کا مطلب ہی امن ہے اور اس کا مقصد مشترکہ فوائد کےثمرات حاصل کرنا اور ایک دوسرے کو سمجھتے ہوئے تعاون کو فروغ دینا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ میری ٹائم سیکیورٹی نہ صرف قومی سلامتی اور بحری راستوں کے تحفظ کے لیے انتہائی اہم ہے بلکہ یہ ملک کی معیشت کے لیے بھی انتہائی ضروری ہے۔

خیال رہے کہ ان مشقوں میں پاک فضائیہ اور بری فوج کے جوان بھی حصہ لے رہے ہیں، افتتاحی تقریب میں مختلف ممالک کے سفرا اور وفود بھی موجود تھے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق ان مشقوں کا آغاز 2007 میں ہوا تھا اس کے بعد سے ہر 2 سال کے عرصے میں ان کا انعقاد کی جاتا ہے۔

ان مشقوں کا مقصد ایک دوسرے کے بحری تصورات اور طریقہ کار کی روایت کو سمجھنا اور بحری حدود میں مشترکہ خطرات سے نمٹنے کے لیے طریقہ کار وضع کرنا ہے۔

مزید پڑھیں: پاک بحریہ اور پاک فضائیہ کا لانگ رینج اینٹی شپ میزائل کا کامیاب تجربہ

واضح رہے کہ وائس ایڈمرل امجد خان نیازی نے مشقوں کے آغاز کا اعلان کرتے ہوئے بتایا تھا کہ مشقوں کا انعقاد 2 مرحلوں میں کیا جائے گا، پہلا مرحلہ ہاربر ایکٹویٹیز جمعے (آج) سے اتوار تک جبکہ دوسرا مرحلہ 11 فروری سے 12 فروری تک جاری رہے گا جو سمندری مشقوں کا مرحلہ ہوگا۔

انہوں نے مزید بتایا تھا کہ ہاربر ایکٹویٹیز کے مرحلے میں سیمینارز، مباحثے، اور عملی مظاہرے کیے جائیں گے اس کے ساتھ اس میں 3 روزہ بین الاقوامی میری ٹائم کانفرنس بھی منعقد ہوگی۔

ان کا کہنا تھا کہ امن 2019 میں زیادہ تر نان فائرنگ مشقیں ہوں گی اور صرف مختص شدہ علاقے میں لائیو فائرنگ کا مظاہرہ کیا جائے گا جبکہ ان مشقوں سے دیگر ممالک کا پاکستان اور پاک بحریہ پر اعتماد بحال ہوگا اور ممالک کے ساتھ سفارتی تعلقات بھی فروغ پائیں گے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں