اقربا پروری پر کنگنا رناوٹ اور عالیہ بھٹ میں سرد جنگ

08 فروری 2019
سمجھ نہیں آ رہا کہ کنگنا کیوں خفا ہیں، عالیہ بھٹ—فائل فوٹو: بولی وڈ ہنگامہ
سمجھ نہیں آ رہا کہ کنگنا کیوں خفا ہیں، عالیہ بھٹ—فائل فوٹو: بولی وڈ ہنگامہ

بولی وڈ میں اقربا پروری پر بحث کوئی نئی بات نہیں اور اسی معاملے پر کنگنا رناوٹ کی جانب سے بات کرنا بھی کوئی انوکھی بات نہیں۔

کنگنا رناوٹ نے 2 سال قبل بھی فلم ساز کرن جوہر پر ان کے ہی پروگرام کافی ود کرن میں اقربا پروری کا الزام لگایا تھا۔

کنگنا رناوٹ نے کرن جوہر کو کہا تھا کہ وہ اقربا پروری کے بادشاہ ہیں اور وہ فلم پروڈیوسرز، اداکاروں اور ہدایت کاروں کے بچوں کو انڈسٹری میں متعارف کراتے ہیں۔

کنگنا رناوٹ کے اس بیان کے بعد کافی عرصے تک کرن جوہر اور اداکارہ کے درمیان سرد جنگ بھی برقرار رہی اور بالآخر کرن جوہر کو معافی مانگنی پڑی تھی۔

کنگنا رناوٹ کی جانب سے اقربا پروری پر بات کرنے کے بعد ہی کئی اداکاروں نے اس معاملے پر بات کی۔

یہ بھی پڑھیں: عالیہ بھٹ کا بولی وڈ میں اقربا پروری کا اعتراف

عالیہ بھٹ اور رنویر کپور سے لے کر پریٹی زنٹا اور سنی دیول جیسے لوگ بھی اس معاملے پر بات کر چکے ہیں۔

عالیہ بھٹ کو کرن جوہر کی احسانات نہیں لینے چاہئیں، کنگنا—فوٹو: فری پریس جرنل
عالیہ بھٹ کو کرن جوہر کی احسانات نہیں لینے چاہئیں، کنگنا—فوٹو: فری پریس جرنل

اقربا پروری پر سارہ علی خان سے لے کر ورون دھون جیسے نئے اداکار بھی اپنے خیالات کا اظہار کر چکے ہیں۔

اگرچہ زیادہ تر اداکاروں کا کہنا ہے کہ اقربا پروری بلکل غلط نہیں ہے، تاہم انہوں نے اسے مکمل طور پر درست بھی قرار نہیں دیا۔

عالیہ بھٹ اور سارہ علی خان اعتراف کر چکی ہیں کہ بولی وڈ میں اقربا پروری موجود ہے اور انہیں اس کا فائدہ ہوا ہے، تاہم وہ اس کی حمایت نہیں کرتیں۔

مزید پڑھیں: سنی دیول کی اقربا پروری کی حمایت

سنی دیول تو اقربا پروری کی مکمل حمایت کر چکے ہیں اور کہ چکے ہیں کہ اگر ان کے والد، بھائی اور بہنیں جس انڈسٹری کا حصہ ہوں اور وہ بھی اس کا حصہ ہوں تو ان کے بچوں کے اس انڈسٹری کا حصہ بننے میں مخالفت کیوں کی جا رہی ہے۔

تاہم اب ایک بار پھر کنگنا رناوٹ نے اس معاملے پر دوبارہ بحث کا آغاز کردیا ہے اور عالیہ بھٹ سمیت عامر خان کو آڑے ہاتھوں لیا ہے۔

کنگنا نے عالیہ کے ساتھ عامر خان کو بھی آڑے ہاتھوں لیا—فوٹو: بولی وڈ ہنگامہ
کنگنا نے عالیہ کے ساتھ عامر خان کو بھی آڑے ہاتھوں لیا—فوٹو: بولی وڈ ہنگامہ

ہندوستان ٹائمز کے مطابق کنگنا رناوٹ نے حال ہی میں ریلیز ہونے والی اپنی فلم ’منی کارنیکا: دی کوئین آف جھانسی‘ کی حمایت نہ کرنے پر عامر خان اور عالیہ بھٹ سمیت دیگر اداکاروں کو آڑے ہاتھوں لیا۔

رپورٹ کے مطابق کنگنا رناوٹ کا کہنا تھا کہ وہ تمام اداکاروں کی فلموں کی اسکریننگ میں شرکت کرتی ہیں، تاہم ان کی فلم کی اسکریننگ میں کسی نے بھی شرکت نہیں کی۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ وہ عامر خان کی سیکریٹ سپر اسٹار سے لے کر عالیہ بھٹ کی ’راضی‘ کی اسکریننگ میں بھی شامل ہوئی تھیں، تاہم ان کی فلم میں عامر اور عالیہ بھٹ نے شرکت نہیں کی۔

ساتھ ہی کنگنا رناوٹ نے عالیہ بھٹ کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ انہیں سمجھ نہیں آ رہا کہ انہیں ان کی فلم ’منی کارنیکا‘ دیکھنے سے ڈر کیوں لگ رہا ہے؟

منی کارنیکا کی کسی نے حمایت نہیں کی، کنگنا—فوٹو: فیس بک
منی کارنیکا کی کسی نے حمایت نہیں کی، کنگنا—فوٹو: فیس بک

کنگنا رناوٹ کا کہنا تھا کہ ان کی فلم ’منی کارنیکا‘ خواتین کی خودمختاری اور قومی مسئلے پر بنی ہوئی ہے، تاہم انہیں سمجھ نہیں آ رہا کہ عالیہ بھٹ کو یہ فلم دیکھنے میں کیوں خوف ہو رہا ہے؟

کنگنا رناوٹ کا کہنا تھا کہ ان کی فلم پر پورا ملک بات کر رہا ہے مگر عالیہ بھٹ اسے دیکھنے سے بھی ڈر رہی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: سارہ علی کا اقربا پروری کے تحت مواقع حاصل کرنے کا اعتراف

ساتھ ہی کنگنا رناوٹ نے عالیہ بھٹ کو فلم ساز کرن جوہر کی لاڈلی قرار دیا اور کہا کہ جب تک ان کے اوپر کرن جوہر کا ہاتھ ہوگا اور وہ ان کی فلموں میں ہی کام کرتی رہیں گی تب تک وہ انہیں کامیاب اداکارہ نہیں مانیں گی۔

کنگنا رناوٹ کا کہنا تھا کہ عالیہ بھٹ کو کرن جوہر کی اقربا پروری سے نکل کر خود کو بطور اداکارہ منوانا چاہیے اور انہیں خواتین کی خودمختاری اور قومی مسائل پر آواز اٹھانی چاہیے۔

سمجھ نہیں آ رہا کنگنا مجھ سے کیوں خفا ہیں، عالیہ—فوٹو: فیس بک
سمجھ نہیں آ رہا کنگنا مجھ سے کیوں خفا ہیں، عالیہ—فوٹو: فیس بک

دوسری جانب کنگنا رناوٹ کے بیان پر عالیہ بھٹ نے بھی انہیں کرارا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں سمجھ نہیں آ رہا کہ کنگنا رناوٹ ان سے خفا کیوں ہیں؟

مزید پڑھیں: بولی وڈ میں اقربا پروری موجود ہے، لیکن یہ صحیح نہیں، ورون دھون

ہندوستان ٹائمز کے مطابق عالیہ بھٹ کا کہنا تھا کہ انہیں توقع ہے کہ کنگنا رناوٹ انہیں ناپسند نہیں کرتی ہوں گی اور ان سے ناراض نہیں ہوں گی۔

منی کارنیکا 25 جنوری کو ریلیز کی گئی تھی—اسکرین شاٹ
منی کارنیکا 25 جنوری کو ریلیز کی گئی تھی—اسکرین شاٹ

عالیہ بھٹ کا کہنا تھا کہ انہوں نے کنگنا رناوٹ کو کوئی دکھ یا پریشانی نہیں دی ہے اور اگر انہوں نے غلطی سے ایسا کچھ کیا ہے تو وہ کنگنا سے ذاتی طور پر معافی کی طلب گار ہیں۔

ساتھ ہی عالیہ بھٹ کا کہنا تھا کہ انہیں سمجھ نہیں آ رہا کہ کنگنا رناوٹ ان سے کیوں خفا ہیں ؟

خیال رہے کہ کنگنا رناوٹ کی فلم ’منی کارنیکا: دی کوئین آف جھانسی‘ کو گزشتہ ماہ 25 جنوری کو ریلیز کیا گیا تھا، اس فلم میں انہوں نے جھانسی کی رانی کا کردار ادا کیا ہے۔

اگرچہ ان کی فلم نے اچھی کمائی کی ہے تاہم پھر بھی کنگنا رناوٹ کا دعویٰ ہے کہ کسی اداکار نے ان کی فلم کی حمایت نہیں کی۔

تبصرے (1) بند ہیں

sam Feb 08, 2019 09:53pm
kangana is very outspoken and talented artist.