سارہ علی کا اقربا پروری کے تحت مواقع حاصل کرنے کا اعتراف

اپ ڈیٹ 26 نومبر 2018
میرے والدین کی محنت کی وجہ سے لوگ مجھے جانتے ہیں، سارہ—اسکرین شاٹ
میرے والدین کی محنت کی وجہ سے لوگ مجھے جانتے ہیں، سارہ—اسکرین شاٹ

بولی وڈ میں جس طرح خواتین کے ساتھ نازیبا رویوں پر کافی وقت سے بحث جاری ہے، اس طرح اقربا پروری پر بھی بحث جاری ہے۔

گزشتہ برس کنگنا رناوٹ نے فلم ساز کرن جوہر پر بھی الزام عائد کیا تھا کہ وہ اقربا پروری کو فروغ دیتے ہیں اور دیکھا جائے تو یہ دعویٰ کسی حد تک درست بھی ہے، کیوں کہ کرن جوہر زیادہ تر فلمی اداکاروں کے بچوں کو متعارف کراتے ہیں۔

کنگنا رناوٹ کے بعد جہاں کرینہ کپور نے بولی وڈ میں اقربا پروری کی موجودگی کا اعتراف کیا تھا۔

وہیں عالیہ بھٹ نے بھی تسلیم کیا کہ بولی وڈ میں اقربا پروری موجود ہے۔

اسی طرح ورون دھون نے بھی بولی وڈ میں اقربا پروری کا اعتراف کیا تھا، تاہم کہا تھا کہ یہ غلط ہے۔

اداکار سنی دیول نے تو یہاں تک کہا تھا کہ اقربا پروری کوئی غلط بات نہیں۔

ایک روز قبل ہی پریتی زنٹا نے بھی بولی وڈ میں اقربا پروری پر بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ شوبز میں موجود ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بولی وڈ میں اقربا پروری موجود ہے، لیکن یہ صحیح نہیں، ورون دھون

اور اب چھوٹے خان سیف علی خان کی بیٹی 25 سالہ سارہ علی خان نے بھی بولی وڈ میں اقربا پروری کا اعتراف کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس بات سے انکار نہیں کیا جا سکتا کہ اقربا پروری شوبز میں موجود نہیں۔

عالیہ بھٹ بھی اقربا پروری کا اعتراف کر چکی ہیں—فوٹو:آج تک انڈیا
عالیہ بھٹ بھی اقربا پروری کا اعتراف کر چکی ہیں—فوٹو:آج تک انڈیا

بی بی سی ایشین نیٹ ورک سے بات کرتے ہوئے سارہ علی خان نے جہاں اپنے بچپن اور گھریلو زندگی پر بات کی، وہیں انہوں نے انڈسٹری میں اقربا پروری اور اپنے فلمی کیریئر پر بھی بات کی۔

ٹائمز ناؤ کے مطابق سیف علی خان اور اداکارہ امریتا سنگھ کی بیٹی کا کہنا تھا کہ بولی وڈ میں اقربا پروری موجود ہے اور انہوں نے اس سے مواقع بھی حاصل کیے۔

سارہ علی خان نے وضاحت کی کہ چوں کہ وہ ایک اداکارہ اور اداکار کی بیٹی ہیں، اس لیے انہیں یہ سہولت میسر ہے کہ وہ فلم انڈسٹری کے کسی بھی ہدایت کار اور پروڈیوسر سے براہ راست مل اور بات کر سکتی ہیں۔

سارہ علی خان کا کہنا تھا کہ وہ اداکار خاندان سے ہونے کی وجہ سے بلا ججھک ہدایت کار روہت شیٹھی کے پاس جا سکتی ہیں اور انہیں کہ سکتی ہیں کہ وہ انہیں اپنی فلم ’سمبا‘ میں کاسٹ کرنے سے متعلق سوچیں۔

پریتی زنٹا نے بھی بولی وڈ میں اقربا پروری کی موجودگی کا اعتراف کیا—فائل فوٹو: انڈیا فورمز
پریتی زنٹا نے بھی بولی وڈ میں اقربا پروری کی موجودگی کا اعتراف کیا—فائل فوٹو: انڈیا فورمز

سیف علی خان کی بیٹی کا کہنا تھا کہ اگر وہ یہ کہیں کہ بولی وڈ میں اقربا پروری موجود نہیں اور انہیں اس کا کوئی فائدہ نہیں ہوا تو یہ غلط ہوگا۔

اداکارہ نے اعتراف کیا کہ اداکار خاندان سے ہونے کی وجہ سے انہیں بولی وڈ میں اچھے مواقع ملے۔

بولی وڈ میں اقربا پروری کی موجودگی سے انکار منافقت ہوگی، سارہ—اسکرین شاٹ
بولی وڈ میں اقربا پروری کی موجودگی سے انکار منافقت ہوگی، سارہ—اسکرین شاٹ

ٹائمز ناؤ کے مطابق اداکار خاندان سے ہونے کی وجہ سے ہی سارہ علی خان کی پہلی فلم ’کیدر ناتھ‘ ریلیز ہونے سے قبل ہی اسے دوسری فلم ‘سمبا’ بھی مل گئی۔

خیال رہے کہ سارہ علی خان کی پہلی فلم ’کیدر ناتھ‘ آئندہ ماہ ریلیز کی جائے گی، جس میں وہ سشانت سنگھ راجپوت کے ساتھ جلوے بکھیرتی نظر آئیں گی۔

کرینہ بھی اقربا پروری کا اعتراف کر چکی ہیں—فائل فوٹو: انڈیا ٹوڈے
کرینہ بھی اقربا پروری کا اعتراف کر چکی ہیں—فائل فوٹو: انڈیا ٹوڈے

رومانٹک فلم میں سارہ علی خان نے ہندو لڑکی جب کہ سشانت سنگھ راجپوت نے مسلمان لڑکے کا کردار ادا کیا ہے۔

علاوہ ازیں سارہ علی خان ان دنوں رنویر سنگھ کے ساتھ آنے والی فلم ’سمبا‘ کی شوٹنگ میں بھی مصروف ہیں۔

ایکشن کامیڈی فلم ’سمبا‘ کی ہدایات روہت شیٹھی نے دی ہے اور اسے آئندہ سال تک ریلیز کیے جانے کا امکان ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں