وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ کالجز اور یونیورسٹیز کے طلبہ کے لیے خصوصی طور پر لائسنس کا اجرا کررہے ہیں۔

اسلام آباد میں افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کالجز اسکولوں کے بچوں کو ہمارے پاس آنے کی ضرورت نہیں ہوگی، ہم تمام کالجز، یونیورسٹیز کے اساتذہ سے رابطہ کر کے مہینے میں ایک یا دو دفعہ جا کر ان کے لرنر اور ڈرائیونگ لائسنس بنائیں گے، اس سے بچوں کا وقت بچے گا۔

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد کے بزرگ شہریوں کے لیے گھر پر ڈرائیونگ لائسنس بنانے کی سہولت کا اعلان بھی کردیا۔

انہوں نے کہا کہ 70 سال سے اور اس سے زیادہ کے لوگوں کو ان کے گھر میں جاکر یہ سہولت فراہم کریں گے، ان کے گھر جاکر لائسنز بنایا جائے گا، یہ عوام کا حق ہے، ہمیں ٹریفک کا مسئلہ حل کر کے اسے سگنل فری کرنا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ شہری موبائل ٹریفک سہولت وین سے لرنرپرمٹ، لائسنس تجدید اور دیگر اہم سہولیات حاصل کرسکیں گے، تین موبائل ٹریفک وین پر مشتمل یہ سہولت مختلف پبلک مقامات پر لوگوں کو سہولیات فراہم کرے گی، موبائل ٹریفک ایجوکیشن وین مختلف نجی و تعلیمی اداروں اور سڑکوں پر شہریوں کو ٹریفک سے متعلق آگاہی فراہم کرے گی۔

محسن نقوی نے بتایا کہ اگلے آنے والے دنوں میں آپ کو کافی چیزیں دیکھنے کو ملیں گی، ہم اسلام آباد کو منشیات اور تجاوزات سے پاک کریں گے، پولیس اور شہدا کی فلاح میری پہلی ترجیح ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ میں صبح لاہور پاسپورٹ آفس گیا تھا، وہاں بہت کرپشن کی شکایت تھی، میں وہاں کے اعلی عہدیداران کو بدل کر آیا ہوں، پاسپورٹ کے اجرا میں تاخیر ہورہی ہے، تھوڑا سا وقت لگے گا اسے صحیح کرنے میں، کچھ تکنیکی مسائل ہیں ابھی پر یہ نہیں ہوگا کہ لوگ پیسے دیں لیکن پاسپورٹ نا بنے۔

وزیر داخلہ نے بتایا کہ ان عمارات جہاں پارکنگ نہیں ہے ہم اس کے خلاف کارروائی کریں گے۔

اسٹیبلشمنٹ اور عمران خان کی ڈیل کے حوالے سے سوال کا جواب دیتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ میرے علم میں کوئی ایسی چیز نہیں ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں