پاک فوج کے افسر اقوام متحدہ مشن کے فورس کمانڈر مقرر

21 فروری 2019
میجر جنرل ضیا الرحمٰن قومی اور عالمی سطح پر فوجی قیادت کا 30سالہ وسیع تجربہ رکھتے ہیں— فوٹو بشکریہ ریڈیو پاکستان
میجر جنرل ضیا الرحمٰن قومی اور عالمی سطح پر فوجی قیادت کا 30سالہ وسیع تجربہ رکھتے ہیں— فوٹو بشکریہ ریڈیو پاکستان

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتیریس نے پاکستان آرمی کے میجر جنرل ضیا الرحمٰن کو مغربی سہارا (مینورسو) میں ریفرنڈم کے لیے اقوام متحدہ کے مشن کا فورس کمانڈر مقرر کردیا۔

اقوام متحدہ کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق میجر جنرل ضیا الرحمٰن کو چین کے میجر جنرل ژیاؤ جن وینگ کی جگہ یہ عہدہ سونپا گیا ہے جن کا اس دورے پر ملازمت کا 17فروری کو خاتمہ ہو گیا۔

مزید پڑھیں: اقوام متحدہ امن مشن میں 15 فیصد خواتین کی شمولیت کا پاکستانی ہدف مکمل

بیان میں کہا گیا کہ سیکریٹری جنرل مینورسو کے لیے میجر جنرل وینگ کی مثالی سروس اور خدمات پر ان کے شکر گزار ہیں۔

میجر جنرل ضیا الرحمٰن قومی اور عالمی سطح پر فوجی قیادت کا 30سالہ وسیع تجربہ رکھتے ہیں جس میں کمانڈ، اسٹاف اور وار کالج سطح پر بحیثیت کمانڈر آف فارمیشنز آف آپریشنز اور ڈائریکٹر اسٹاف تعیناتیاں شامل ہیں۔

وہ دیگر سطح پر بھی قائدانہ کردار ادا کرنے کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں جس میں ڈیمو کریٹک رپبلک آف کانگو میں اقوام متحدہ آرگنائزیشن مشن میں فوجی مبصر کی حیثیت سے خدمات انجام دینا شامل ہے۔

2015 سے 2016 تک وہ فلوریڈا میں امریکی سینٹرل کمانڈ ہیڈ کوارٹرز سینئر قومی نمائندے کی حیثیت سے خدمات انجام دیتے رہے جبکہ حال ہی میں میجر جنرل ضیا الرحمٰن 2016 سے 2017 تک انفنٹری بریگیڈ کے کمانڈر اور 2017 سے انفنٹری ڈویژن کے کمانڈر کی حیثیت سے خدمات انجام دی تھیں۔

یہ بھی پڑھیں: اقوام متحدہ کا 7 پاکستانی فوجیوں کے لیے اعزاز کا اعلان

ضیا الرحمٰن نے کاکول کی پاکستان ملٹری اکیڈمی سے بیچلر آف سائنس اور لاہور کے انسٹیٹیوٹ آف گریجویٹ سائنسز کے کینیڈین اسکول آف مینجمنٹ سے ایڈمنسٹریشن ڈگری حاصل کی ہے۔

انہوں نے کوئٹہ کی یونیورسٹی آف بلوچستان سے بیچلر آف سائنس (آنرز)، کوئٹہ کے کمانڈر اینڈ اسٹاف کالج سے ماسٹر آف سائنس کی ڈگری اور اسلام آباد کی نیشنل یونیورسٹی آف ڈیفنس سے ماسٹرز آف سائنس(آنرز) اور فلسفے میں ماسٹرز کی ڈگری حاصل کی۔

تبصرے (0) بند ہیں