آسکر ایوارڈ کس کس کے نام رہا؟

اپ ڈیٹ 25 فروری 2019
بہترین اداکار کا ایوارڈ حاصل کرنے والے ریمی ملک، بہترین اداکارہ کا ایوارڈ حاصل کرنے والی اولیویا کولمین، بہترین معاون اداکارہ کے ایوارڈ کی حقدار ریجینا کنگ اور بہترین معاون اداکار قرار دیے گئے مہرشالا علی — فوٹو: اے پی
بہترین اداکار کا ایوارڈ حاصل کرنے والے ریمی ملک، بہترین اداکارہ کا ایوارڈ حاصل کرنے والی اولیویا کولمین، بہترین معاون اداکارہ کے ایوارڈ کی حقدار ریجینا کنگ اور بہترین معاون اداکار قرار دیے گئے مہرشالا علی — فوٹو: اے پی

برطانوی اداکارہ اولیویا کولمین نے اپنی راہ میں حائل تمام تر رکاوٹوں کو عبور کرتے ہوئے آسکر ایوارڈ حاصل کرنے کا اعزاز حاصل کر لیا جبکہ ریمی ملک بہترین اداکار کا ایوارڈ حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔

اتوار کو لاس اینجلس میں منعقدہ 91ویں اکیڈمی ایوارڈ کی تقریب میں ’گرین بُک‘ نے بہترین فلم کا ایوارڈ حاصل کرکے سب کو حیران کردیا جہاں ’روما‘ کو اس ایوارڈ کے لیے سب سے مضبوط اُمیدوار تصور کیا جا رہا تھا۔

مزید پڑھیں: سب سے زیادہ آسکر ایوارڈز جیتنے والی فلمیں

گرین بُک نے مجموعی طور پر 3 ایوارڈز حاصل کیے، اس کے علاوہ روما اور بلیک پنتھر کے حصے میں بھی 3، 3 ایوارڈ آئے البتہ سب سے زیادہ 4 ایوارڈ 'بوہیمین ریپسڈی‘ کے حصے میں آئے۔

الفونسو کیورن نے بہترین ڈائریکٹر سمیت دو ایوارڈ جیتے— فوٹو: اے پی
الفونسو کیورن نے بہترین ڈائریکٹر سمیت دو ایوارڈ جیتے— فوٹو: اے پی

اولیویا کولمین کو فلم ’دی فیوریٹ‘ میں ملکہ کا کردار شاندار انداز میں ادا کرنے پر بہترین اداکارہ کا ایوارڈ دیا گیا جہاں ایوارڈ کے اعلان کے بعد تقریر کرتے ہوئے وہ اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکیں۔

البتہ وہ اس ایوارڈ کے لیے فیورٹ نہ تھیں بلکہ فلم ’دی وائف‘ کی اداکارہ گلین کلوز کو اس ایوارڈ کے لیے فیورٹ تصور کیا جا رہا تھا جو اب تک ریکارڈ 7 مرتبہ آسکر کے لیے نامزد ہونے کے باوجود ایوارڈ سے محروم ہیں۔

2009 میں ایوارڈ حاصل کرنے والی کیٹ ونسلیٹ کے بعد یہ ایوارڈ حاصل کرنے والی پہلی برطانوی خاتون کولمین کا نام جب ایوارڈ کے لیے پکارا گیا تو وہ سکتے میں رہ گئیں اور انہوں نے کہا کہ مجھے یقین نہیں آ رہا کہ میں نے آسکر حاصل کرلیا۔

یہ بھی پڑھیں: 1995 سے 2017 کے دوران آسکر ایوارڈ جیتنے والی فلمیں

پہلی مرتبہ آسکر کے لیے نامزد ہونے والی کولمین اب تک اپنے کیریئر میں 4 برٹش اکیڈمی فلم اینڈ ٹیلی ویژن آرٹس ایوارڈ اور 2 گولڈن گلوب ایوارڈز بھی حاصل کر چکی ہیں۔

’روما‘ کے لیے بہترین فلم کا ایوارڈ جیتنے والے پیٹر فیریلی ٹرافی کے ہمراہ— فوٹو: اے پی
’روما‘ کے لیے بہترین فلم کا ایوارڈ جیتنے والے پیٹر فیریلی ٹرافی کے ہمراہ— فوٹو: اے پی

بہترین فلم کا ایوارڈ حاصل کرنے والی فلم ’گرین بُک‘ نے بہترین اسکرین پلے کا بھی ایوارڈ اپنے نام کیا جبکہ اسی فلم کے اداکار مہرشالا علی نے بہترین معاون اداکار کا ایوارڈ حاصل کیا۔

مہر شالا نے گزشتہ 3 سال میں دوسری مرتبہ بہترین معاون اداکار کا آسکر ایوارڈ اپنے نام کیا، جہاں انہوں نے 2017 میں ’مون لائٹ‘ کے لیے بھی بہترین اداکاری پر یہ ایوارڈ حاصل کیا تھا۔

بہترین ایڈاپٹڈ اسکرین پلے کا ایوارڈ جیتنے والے اسپائیک لی اپنے نیکلیس کو چوم رہے ہیں— فوٹو: اے پی
بہترین ایڈاپٹڈ اسکرین پلے کا ایوارڈ جیتنے والے اسپائیک لی اپنے نیکلیس کو چوم رہے ہیں— فوٹو: اے پی

ملکہ اور برطانوی گلوکار فریڈی مرکزی کی زندگی پر بنائی جانے والی فلم ’بوہیمین ریپسڈی‘ میں آنجہانی گلوکار کا کردار ادا کرنے والے امریکی اداکار ریمی ملک کو بہترین اداکار کا ایوارڈ دیا گیا۔

ریمی ملک کو اس ایوارڈ کے لیے پہلی مرتبہ نامزد کیا گیا تھا اور وہ اس مرتبہ بہترین ادکار کی کیٹیگری میں پہلی مرتبہ نامزد ہونے والے واحد اداکار تھے۔

’اف بیئل اسٹریٹ کُڈ ٹاک‘ میں بہترین اداکاری کا مظاہرہ کرنے والی ریجینا کنگ پہلی مرتبہ آسکر کے لیے نامزد ہوئیں اور ایوارڈ لے اڑیں۔

تین دہائیوں سے بہترین فلمیں پیش کرنے والے فلم ڈائریکٹر اسپائیک لی کو بالآخر اپنی محنت کا صلہ مل گیا اور 2016 میں اعزازی آسکر حاصل کرنے والے ڈائریکٹر کو بہترین ڈائریکٹر کا ایوارڈ تو نہ ملا لیکن وہ بہترین ایڈاپٹڈ اسکرین پلے کا ایوارڈ دیا گیا۔

انفونسو کیورن کو فلم روما کے لیے بہترین ڈائریکٹر کا ایوارڈ دیا گیا جو ان کے کیریئر کا دوسرا آسکر ایوارڈ ہے، انہیں اس سے قبل 2014 میں فلم ’گریویٹی‘ کے لیے بہترین ڈائریکٹر کا ایوارڈ دیا گیا تھا۔

کیورن نے یہ فلم میکسکو میں اپنے بچپن اور انہیں پروان چڑھانے والی خاتون کے اوپر بنائی گئی، جس پر اس فلم کو بہترین غیر ملکی فلم کا بھی آسکر ایوارڈ دیا گیا۔

لیڈی گاگا، مارک رونسن، انتھونی روسومنڈو اور اینڈریو وائٹ کی جانب سے ’آ اسٹار از بورن‘ کے لیے لکھے گئے گانے ’شیلو‘ کو بہترین اوریجنل سانگ کا ایوارڈ دیا گیا۔

لیڈی گاگا نے اپنے گانے ’شیلو‘ کے لیے بہترین اوریجنل سانگ کا ایوارڈ جیتا— فوٹو: اے پی
لیڈی گاگا نے اپنے گانے ’شیلو‘ کے لیے بہترین اوریجنل سانگ کا ایوارڈ جیتا— فوٹو: اے پی

انہیں اس گانے پر رواں ماہ کے اوائل میں 2 گریمی ایوارڈ بھی مل چکے ہیں۔

بہترین ویژول افیکٹ کے ایوارڈ کی حقدار فلم ’فرسٹ مین‘ ٹھہری جہاں اس ایوارڈ کے لیے فلم کا مقابلہ اینجرز اور ہان سولو سے تھا۔

بلیک پینتھر کے کمپوزر نے بہترین اوریجنل اسکور اپنے نام کیا جبکہ بہترین پروڈکشن ڈیزائن کا ایوارڈ بھی اسی فلم کے حصے میں آیا۔

بہترین دستاویزی فیچر فلم کا اکیڈمی ایوارڈ ’فری سولو‘ کے نام رہا جبکہ بہترین لائیو ایکشن شارٹ فلم کا ایوارڈ ’اسکن‘ نے حاصل کیا۔


بہترین اداکار

ریمی ملک (فلم بوہیمین ریپسڈی)

بہترین اداکارہ

اولیویا کولمین (فلم دی فیوریٹ)

بہترین فلم

گرین بک

بہترین ہدایت کار

الفونسو کیورن (فلم روما)

بہترین معاون اداکار

مہرشالا علی (فلم گرین بک)

بہترین معاون اداکارہ

ریجینا کنگ (فلم اف بیئل اسٹریٹ کُڈ ٹاک)

بہترین غیر ملکی زبان کی فلم

میکسیکو کی فلم روما

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں