افغانستان، آئرلینڈ کے درمیان تاریخ کا پہلا ٹیسٹ

16 مارچ 2019
محمد شہزاد 40 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے—فوٹو:اے ایف پی
محمد شہزاد 40 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے—فوٹو:اے ایف پی

افغانستان اور آئرلینڈ کے درمیان ٹیسٹ کرکٹ کا اسٹیٹس حاصل کرنے کے بعد تاریخ کا پہلا میچ کھیلا جارہا ہے جہاں کھیل کے پہلے روز افغانستان نے اپنی پوزیشن مستحکم کرلی۔

بھارت کے شہر ڈیرادن میں کھیلے جارہے پہلے ٹیسٹ میں آئرلینڈ کے کپتان ولیم پورٹر فیلڈ نے ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا لیکن ناتجربہ کار بلے بازوں نے اس فیصلے کو غلط ثابت کردیا۔

افغانستان کے محمد نبی اور یامین احمد زئی نے آئرلینڈ کے بلے بازوں کو لمبی اننگز کھیلنے کی مہلت نہ دی اور وقتاً فوقتاً ان کی وکٹیں اڑاتے رہے۔

آئرلینڈ کے اوپنرز نے 37 رنز کا آغاز فراہم کیا جس کو یامین احمد زئی نے اسٹرلنگ کو آؤٹ کرکے ختم کردیا جنہوں نے 26 رنز بنائے تھے۔ محمد نبی نے کپتان پورٹرفیلڈ کو 41 کے اسکور پر آؤٹ کیا جو صرف 9 رنز بنا سکے۔

یہ بھی پڑھیں:پاک-آئرلینڈ تاریخی ٹیسٹ کی جھلکیاں

آئرلینڈ کے بلے بازوں میں جارج ڈوکریل اور ٹم مورٹاگھ دو ہی کھلاڑی تھے جن کی کوششوں سے ٹیم اپنی سنچری مکمل کرسکی اور پہلی اننگز میں 172 کا مختصر مجموعہ ترتیب دیا۔

افغانستان کی مضبوط باؤلنگ کے سامنے دونوں بلےبازوں نے آخری وکٹ میں 87 رنز کی شراکت قائم کرتے ہوئے ٹیم کو قدرے بہتر اسکور تک رسائی دلائی حالانکہ بیلبرین، مکولم اور او برائن جیسے بلے باز بالترتیب، 4،4 اور 12 رنز بنا کر آوٹ ہوئے تھے اور 9 بلے باز 85 رنز پر آؤٹ ہوچکے تھے۔

آٗئرلینڈ کی پوری ٹیم 172 کے اسکور پر آؤٹ ہوگئی۔

افغانستان کی جانب سے یامین احمد زئی اور محمد نبی نے 3،3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ مایہ ناز اسپنر راشد خان اور وقار سلام خیل نے بھی 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

مزید پڑھیں:افغانستان دوسرے ہی دن اپنا پہلا ٹیسٹ میچ ہار گیا

مخالف ٹیم کو مختصر اسکورپر آوٹ کرنے کے بعد افغانستان کے بلے بازوں کا آغاز بھی حوصلہ افزا نہ تھا کیونکہ احسان اللہ صرف 7 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے تھے جبکہ محمد شہزاد 6 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 40 رنز بنا کر 68 کے مجموعے پر آؤٹ ہوگئے تھے۔

رحمت شاہ 22 اور حشمت اللہ شاہدی نے 13 رنز بنا کر ذمہ دارانہ بلے بازی کا مظاہرہ کیا اور دن کے اختتام تک مزید کوئی نقصان پہنچنے نہیں دیا۔

افغانستان نے آئرلینڈ کے خلاف اپنے پہلے ٹیسٹ کے پہلے روز کے اختتام پر 2 وکٹوں کے نقصان میں 90 رنز بنا لیے تھے اور پہلی اننگز میں برتری کو ختم کرنے کے لیے مزید 82 رنز درکار ہیں۔

خیال رہے کہ آئرلینڈ اور افغانستان نے 2017 میں ٹیسٹ اسٹیٹس ملنے کے بعد صرف ایک میچ کھیلا ہے، آئرلینڈ نے پاکستان اور افغانستان نے بھارت کے خلاف پہلا ٹیسٹ کھیلا تھا جہاں دونوں ٹیموں کو شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں