ملائیشیا کے وزیر اعظم مہاتیر محمد آج پاکستان پہنچیں گے

اپ ڈیٹ 21 مارچ 2019
مہاتیر محمد کا دورہ دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید تقویت دے گا—فوٹو: بشکریہ بلوم برگ
مہاتیر محمد کا دورہ دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید تقویت دے گا—فوٹو: بشکریہ بلوم برگ

اسلام آباد: دفتر خارجہ نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ ملائیشیا کے وزیر اعظم ڈاکٹر مہاتیر محمد 21 سے 23 مارچ تک پاکستان کے دورہ پر آئیں گے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق دفتر خارجہ کے بیان کے مطابق اپنے قیام کے دوران ملائیشن وزیر اعظم مہاتیر محمد 23 مارچ کو یوم پاکستان پریڈ کے مہمان خصوصی ہوں گے۔

مزید پڑھیں: یوٹرن لینا عقلمندانہ فیصلہ ہے، مہاتیر محمد

ڈاکٹر مہاتیر محمد، وزیر اعظم عمران خان کی دعوت پر پاکستان کا دورہ کر رہے ہیں اور اس دوران ان کے ہمراہ بڑے کاروباری افراد سمیت اعلیٰ سطح وفد شامل ہوگا۔

دورے کے دوران ان کی مصروفیات میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے ملاقات اور وزیر اعظم عمران خان سے براہ راست ملاقات میں وفود کی سطح پر بات چیت شامل ہے۔

یہ بھی پڑھیں: یوٹرن لینا عقلمندانہ فیصلہ ہے، مہاتیر محمد

دونوں وزرائے اعظم صنعتوں کے چیف ایگزیکٹو افسران کے اجلاس سے بھی خطاب کریں گے، جو پاکستان کے آٹو موبائل اور ٹیلی کمیونیکیشن سیکٹرز میں سرمایہ کاری کے خواہاں ہیں۔

بیان میں کہا گیا کہ ’ملائیشن وزیر اعظم مہاتیر محمد کا دورہ دنوں ممالک کے درمیان موجودہ برادرانہ اور دوستانہ تعلقات کو مزید تقویت دے گا، اس کے ساتھ ساتھ دونوں ممالک کے عوام کے باہمی مفاد کے لیے اقتصادی، تجارتی، سرمایہ کاری اور دفاعی تعلقات کو بڑھانے پر توجہ مرکوز ہوگی’۔

تبصرے (0) بند ہیں