پاک ۔ آسٹریلیا ون ڈے سیریز کی ٹرافی کی رونمائی کردی گئی

اپ ڈیٹ 21 مارچ 2019
پاکستانی ٹیم کی قیادت شعیب ملک جبکہ آسٹریلوی ٹیم کی قیادت ایرون فِنچ کریں گے — فوٹو: بشکریہ پی سی بی
پاکستانی ٹیم کی قیادت شعیب ملک جبکہ آسٹریلوی ٹیم کی قیادت ایرون فِنچ کریں گے — فوٹو: بشکریہ پی سی بی

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان 5 میچز پر مشتمل ون ڈے سیریز جمعہ سے شروع ہوگی جس کی ٹرافی کی رونمائی کردی گئی۔

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان سیریز کا پہلا ون ڈے جمعہ کو شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں پاکستانی وقت کے مطابق شام 4 بجے شروع ہوگا۔

سیریز میں پاکستانی ٹیم کی قیادت شعیب ملک جبکہ آسٹریلوی ٹیم کی قیادت ایرون فِنچ کریں گے۔

شارجہ میں پریس کانفرنس کے دوران شعیب ملک کا کہنا تھا کہ آسٹریلیا، بھارت کو ان کے ہوم گراؤنڈ میں شکست دے کر آرہی ہے اس لیے اسے ہرانا آسان نہیں ہوگا، تاہم ہمارے پاس ایسے کھلاڑی ہیں جو آسٹریلیا کو شکست دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

سیریز میں پاکستان کے مستقل کپتان سرفراز احمد کے علاوہ بابر اعظم، شاداب خان، حسن علی، شاہین آفریدی اور فخر زمان کو بھی آرام دیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: آسٹریلیا رواں سال پاکستان سے ڈے نائٹ ٹیسٹ سیریز کھیلنے کا خواہاں

دونوں ٹیموں کے درمیان ایک روزہ میچوں کی تاریخ پر نظر دوڑائی جائے تو دونوں ٹیمیں اب تک 98 ایک روزہ میچز کھیل چکی ہیں۔

ان میچوں میں سے 62 میں آسٹریلیا اور 32 میں پاکستان نے فتح سمیٹی، جبکہ متحدہ عرب امارات میں بھی آسٹریلیا کا پلڑا بھاری رہا ہے۔

دونوں ٹیمیں متحدہ عرب امارات میں 14 مرتبہ آمنے سامنے آئیں جن میں 6 میں پاکستان اور 8 میں آسٹریلیا نے فتح سمیٹی۔

یو اے ای میں 2014 میں کھیلی گئی سیریز میں آسٹریلیا نے 0-3 سے کامیابی حاصل کی تھی۔

دونوں ٹیمیں 2017 میں آخری بار آسٹریلیا میں ٹکرائی تھیں جہاں میزبان ٹیم نے 0-4 سے کامیابی حاصل کی تھی۔

تبصرے (0) بند ہیں